یوم یکجہتی کے موقع پر قومی و صوبائی اسمبلیاں بھی یکجہتی کی قراردادیں پاس کریں‘وزیر ٹرانسپورٹ

منگل 4 فروری 2014 15:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 فروری 2014ء)ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر و وزیر ٹرانسپورٹ محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کے موقع پر قومی و صوبائی اسمبلیاں بھی یکجہتی کی قراردادیں پاس کریں تا کہ دنیا کو واضح پیغام جائے کہ پوری پاکستانی قوم اور سیاسی قیادت کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور وہ حق خودارادیت کی تحریک میں اکیلے نہیں ہیں۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر قانون ساز اسمبلی اور کشمیر کونسل کا مشترکہ اجلاس ، وزیراعظم پاکستان کی مظفرآباد آمد اور جوائنٹ سیشن سے خطاب کشمیری عوام کے حوصلے بلند کرے گا۔ اپنے ایک بیان میں وزیر ٹرانسپورٹ آزادکشمیر محمد طاہر کھوکھر نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں قیام امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔

(جاری ہے)

مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیاء میں قیام امن ممکن نہیں اور خطہ پر ہر وقت جنگ کے بادل منڈلاتے رہیں گے جس سے دونوں ممالک میں تعلقات بہتر نہیں ہو سکیں گے۔

اس لیے بھارتی قیادت کو چاہیے کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرے اور کشمیری عوام کو ان کی مرضی سے اپنی قسمت کا فیصلہ کرنے کا موقع دے۔ انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کے موقع پر قومی اسمبلی کے علاوہ چاروں صوبائی اسمبلیاں بھی کشمیری عوام سے یکجہتی کی قراردادیں منظور کریں تا کہ دنیا کو واضح پیغام ملے اور امریکہ سمیت اقوام متحدہ، یورپی یونین مسئلہ کشمیر پر جانبدارانہ پالیسی ترک کریں اور بھارت کو مجبور کیا جائے کہ وہ اقوامتحدہ کی قراردادوں پر عمل کرے۔

انہوں نے کہا کہ حق خودارادیت کی تحریک میں کشمیری عوام نے بے مثال قربانیاں دے کر ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ ایک لاکھ سے زائد نوجوان اپنی جانوں نے نذرانے پیش کر چکے ہیں، ہزاروں لاپتہ ہیں، 8 لاکھ قابض فوج نے ٹاڈا اور پوٹا جیسے کالے قوانین کا سہارا لے کر بنیادی انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر دی ہیں لیکن ان کے جذبہ حریت کو سرد نہیں کر سکے۔

دوسری جانب انسانی حقوق کے نام نہاد علمبردار امریکہ اور یورپی ممالک اپنے تجارتی مفادات کے تحت بھارتی افواج کے گھناؤنے مظالم پر مسلسل خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں جو انتہائی قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادریوں کو دوہرا معیار ترک کرنا ہو گا۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے یوم یکجہتی کے موقع پر وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے دورہ مظفرآباد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوں گے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ وزیراعظم پاکستان اس موقع پر آزادکشمیر کی تعمیروترقی کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کریں گے۔