کراچی ،فائرنگ و پرتشدد واقعات میں 3افراد ہلاک ،مذہبی رہنما سمیت 4زخمی ،گلزار ہجری کے فلیٹ سے ماں بیٹے کی لاشیں برآمد ، نیو کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں ڈاکو مارا گیا

بدھ 5 فروری 2014 20:30

کراچی ،فائرنگ و پرتشدد واقعات میں 3افراد ہلاک ،مذہبی رہنما سمیت 4زخمی ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 فروری ۔2014ء) کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں خاتون سمیت 3افراد ہلاک جبکہ مذہبی رہنما سمیت 4زخمی ہوگئے جبکہ نیو کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں ڈاکو مارا گیا ۔تفصیلات کے مطابق سچل تھانے کی حدود سہراب گوٹھ گلزار ہجری میں کنٹری ٹاور فلیٹ نمبر 305تھرڈ فلور کے کمرے سے ماں 55سالہ حفیظہ بی بی زوجہ حاجی محمود اور اس کے بیٹے 25سالہ شبیر ولد حاجی محمود کی لاشیں ملیں ۔

ایم ایل او عباسی شہید اسپتال کے مطابق دونوں ماں بیٹے کی موت زہریلی چیز کھانے سے ہوئی ہے ۔ذرائع کے مطابق متوفی شبیر کی کچھ عرصہ قبل شادی ہوئی تھی جبکہ اس کی اہلیہ بیرون ملک ہے اور دونوں ماں بیٹا فلیٹ میں ساتھ رہتے تھے ۔متوفی پانچ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا جبکہ اس کا ایک بھائی ملازمت کے سلسلے میں دبئی میں رہائش پذیر ہے ۔

(جاری ہے)

متوفی ٹیکسٹائل کمپنی میں ملازم اور جام نگر میمن فیملی سے تعلق رکھتا تھا ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں کی موت کس طرح واقع ہوئی اس کی تصدیق پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہوگی تاہم اس سلسلے میں ابتدائی طور پر کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ پولیس نے لاشوں کو متوفیہ کے داماد محمد شبیر کے سپرد کردیں ۔ ملیر ندی سے تشدد زدہ لاش ملی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق لاش کو تحویل میں لیکر قانونی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس نے خدشہ ظاہر ہے کیا ہے کہ مقتول کواغواء کے بعدبدترین تشدد کرکے گولیاں مارکر قتل کیا گیاہے۔ پولیس نے تفتیش شروع کردی۔تاہم تاحال مقتول کی شناخت نہ ہوسکی ۔ادھرقائد آباد کے علاقے لانڈھی میں موٹرسائیکل سوار مسلح ملزمان نے اہلسنت والجماعت ضلع ملیر کے صدر محی الدین شاہ کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں پیٹ اور سینے میں گولیاں لگی ہیں۔

فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ محی الدین کوجناح اسپتال منتقل کردیا گیاجہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔۔ واقعے پر پولیس نے پہنچ کر تفتیش شروع کردی۔ زمان ٹاوٴن تھانے کی حدود 100کوارٹر میں فائرنگ سے 2افراد زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو فوری طور پرا سپتال منتقل کردیا گیا ۔شاہ لطیف تھانے کی حدود لانڈھی اولڈ مظفر آباد کالونی میں لینڈ مافیا اور علاقہ مکینوں کے درمیان جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 25سالہ شاہ نواز بلوچ ،40سالہ ہدایت اللہ اور 12سالہ نعیم اللہ زخمی ہوگئے ۔

سپرمارکیٹ تھانے کی حدود لیاقت آباد الیاس گوٹھ میں فائرنگ سے 4سالہ انفال دختر مراد بلوچ زخمی ہوگئی ۔دوسری جانب نیو کراچی تھانے کی حدود سیکٹر 11-Eگودھرا کیمپ کے قریب پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران موٹر سائیکل سوار کو رکنا اشار ہ کیا ۔ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی ،جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک موٹر سائیکل سوار ہلاک ہوگیا ۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت جاوید عرف بگاری ولد بشیر احمد کے نام سے ہوئی ہے ۔ملزم پولیس اہلکاروں سمیت ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا ۔ملزم کے مزید ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں ،ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے ۔

متعلقہ عنوان :