وزیراعظم پاکستان کے اعلانات سے آزاد کشمیر میں تعمیر وترقی کا عمل تیز ہو گا‘وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعرات 6 فروری 2014 14:02

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6فروری 2014ء) وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے اسلام آباد ایکسپریس وے کی کشمیر تک توسیع،مظفرآباد اور میرپور کو جی ٹی روڈ سے ملانے،مظفرآبا دکو شاہراہ ریشم سے ملانے اور اسلام آباد،مظفرآباد چکوٹھی ٹرین سروس کے اعلانات پر وزیر اعظم پاکستان محمدنوازشریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے یہ اعلانات کشمیر یوں سے ان کے گہرے جذبات کے عکاس ہیں۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے پاکستان کے ساتھ ساتھ آزادکشمیر کی تعمیروترقی میں گہری دلچسپی پر بھی وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے ان اعلانات سے آزادکشمیر میں تعمیروترقی کا عمل تیز ہوگا اور خطے کے عوام معاشی خوشحالی سے ہمکنار ہونگے۔

(جاری ہے)

مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے موسم کی شدید خرابی کے باعث مظفرآباد کا دورہ کر کے جو پیغام دیا اس سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو تقویت ملے گی۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے ساری دنیا میں اہل پاکستان کی طرف سے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی پر پاکستان کے 18کروڑ عوام کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یوم یکجہتی منا کر دنیا کو پیغام دیا گیا ہے کہ کشمیر اور پاکستان لازم وملزوم ہیں اور اہل کشمیرکو اپنی منزل سے دور نہیں کیا جا سکتا۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پاکستان اہل کشمیر کے ایمان کا حصہ ہے۔ پاکستان کی سلامتی واستحکام کے لیے کشمیری عوام ہر قسم کی قربانی کا عزم رکھتے ہیں۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے پاکستان کو بہنے والے دریا کشمیریوں کے خون سے رنگین ہیں اور یہ پیغام دے رہے ہیں ک کشمیریوں کو زیادہ عرصہ تک منزل سے دور نہیں رکھا جا سکتا۔