سپریم کورٹ نے سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی حالت زارکا نوٹس لے لیا، چیف جسٹس نے نوٹس سعودی عرب میں مقیم علی خان نامی شخص کی طرف سے بھیجی جانے والی ایک ای میل پر لیا

جمعرات 6 فروری 2014 20:29

سپریم کورٹ نے سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی حالت زارکا نوٹس لے لیا، ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 فروری ۔2014ء) سپریم کورٹ نے سعودی عرب کے حراستی مرکز میں قید پاکستانیوں کی حالت زارکانوٹس لیتے ہوئے وزارتِ خارجہ سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی ،جمعرات کو سپریم کورٹ سے جاری بیان میں کہاگیا کہ چیف جسٹس نے یہ نوٹس سعودی عرب میں مقیم علی خان نامی شخص کی طرف سے بھیجی جانے والی ایک ای میل پر لیا ، بیان کے مطابق اس ای میل میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر قیام پذیر تین ہزار سے زائد پاکستانیوں کو سعودی حکام نے گرفتار کر کے ملک واپس بھیجنے کے لیے جدہ میں واقع ایک مرکز میں رکھا ہوا ہے جہاں پر متعدد افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں،ای میل میں مزید کہا گیا کہ وطن واپس بھیجنے کے لیے پاکستانی سفارت خانے نے کاغذات تیار کرنے ہیں لیکن سفارت خانے کے حکام اس معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،چیف جسٹس نے وزارتِ خارجہ کے سیکرٹری سے کہا کہ وہ اس معاملے میں ایک ہفتے میں جامع رپورٹ عدالت میں جمع کروائیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ جمع کروائے جانے کے بعد عدالت اس معاملے کی سماعت کرے گی۔