سینٹ اجلاس ، اپوزیشن جماعتوں نے سوالات کے جواب فراہم نہ کرنے پر احتجاج ، علامتی واک آؤٹ ، سوال کا جواب موجود ہے ،جواب دینے کیلئے تیار ہیں، سوال کا جواب پرنٹنگ میں شامل ہونے سے رہ گیا تھا ،وفاقی وزیر برجیس طاہر

جمعرات 6 فروری 2014 20:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 فروری ۔2014ء) سینٹ میں اپوزیشن جماعتوں نے سوالات کے جواب فراہم نہ کر پر احتجاج کرتے ہوئے اجلاس سے علامتی واک آؤٹ کیا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو وقفہ سوالات کے دوران پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر رضا ربانی نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ ارکان کی طرف سے پوچھے گئے کئی سوالات کے جواب نہیں فراہم کئے گئے اس کے خلاف ہم ایوان سے علامتی واک آؤٹ کرتے ہیں اس کے ساتھ ہی پاکستان پیپلزپارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر نے کہا کہ سوال کا جواب موجود ہے اور وہ جواب دینے کے لئے تیار ہیں، سوال کا جواب پرنٹنگ میں شامل ہونے سے رہ گیا تھا۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ ابھی تک وزارت نے سینٹ سیکرٹریٹ میں جواب جمع نہیں کرایا۔ انہوں نے قائد ایوان کو ہدایت کی کہ اپوزیشن کو منا کر واپس لائیں جس پر دو حکومتی سینیٹرز اپوزیشن ارکان کو منا کر ایوان میں واپس لائے۔

متعلقہ عنوان :