پرویز مشرف آج عدالت میں پیش نہ ہوئے تو مناسب حکم جاری کریں گے، جسٹس فیصل عرب

جمعہ 7 فروری 2014 11:38

پرویز مشرف آج عدالت میں پیش نہ ہوئے تو مناسب حکم جاری کریں گے، جسٹس ..

اسلام آ باد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7فروری 2014ء) غداری کیس کے لئے قائم کی جانے والی خصوصی عدالت کے سربراہ جسٹس فیصل عرب نے کہا ہے کہ اگر آج پرویز مشرف عدالت میں پیش نہ ہوئے تو مناسب حکم جاری کریں گے۔سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کی سماعت جسٹس فیصل عرب کی سر براہی میں تین رکنی خصوصی عدالت نیشنل لائبریری اسلام آباد میں کررہی ہے۔

سماعت کے دوران وفاقی پولیس نے پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کی رپورٹ عدالت میں پیش کی جب کہ پرویز مشرف کے وکلا نے آج پھر پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔ جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف مسلسل عدالت میں پیش نہیں ہورہے اگر وہ آج عدالت کے سامنے پیش نہ ہوئے تو کوئی مناسب حکم جاری کریں گے جس پر پرویز مشرف کے وکیل انور منصور نے کہا کہ عدالت پہلے اپنے اختیارات کا فیصلہ کرے اس کے بعد سابق صدر بھی عدالت میں پیش ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل پرویز مشرف کی عدالت میں ممکنہ پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت اانتظامات کئے گئے تھے جس کے باعث رینجرز، پولیس اور ایلیٹ فورس کے ایک ہزار سے زائد جوانوں کو راوالپنڈی کے اے ایف آئی سی اسپتال سے لیکر نیشنل لائبریری اسلام آباد تک تعینات بھی کیا گیا تھا۔ پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف ڈاکٹروں کی مشاورت سے ہی کوئی حتمی فیصلہ کریں گے، وہ خصوصی عدالت میں پیش ہو ں گے یا نہیں اس حوالے سے قوم کو سرپرائز دیں گے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کا کہنا ہے کہ وہ خصوصی عدالت کو تسلیم ہی نہیں کرتے پیشی تو دور کی بات ہے۔واضح رہے کہ خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے تاہم سابق صدر نے خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی تھی جبکہ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف اگر عدالت میں پیش نہ ہوئے تو ان کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جاسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :