پنجاب حکومت صوبے کو تجارتی و معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے‘ گورنر پنجاب

جمعہ 7 فروری 2014 15:08

پنجاب حکومت صوبے کو تجارتی و معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کیلئے بھرپور ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7فروری 2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے کو تجارتی و معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے،تاجر برادری کو درپیش تحفظات سے وزیراعلیٰ پنجاب کو آگاہ کیا جائے گا کیونکہ تاجر معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی ہیں، حکومت ان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کے روز سربراہ انجمن تاجران آٹوپارٹس اور پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کے سینئر نائب صدر وقار احمد میاں کی قیادت میں اُن سے ملاقات کی ۔ وفد کے سربراہ اور انجمن تاجران آٹو پارٹس کے صدر وقار احمد میاں نے گورنر پنجاب کو میٹروبس توسیعی منصوبے کی زد میں آنے والے تاجروں کے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے پر اعتماد نہ لیے جانے کی وجہ سے تاجر شدید پریشان ہیں ، حکومت کو چاہیے کہ اُن کے تحفظات دور کرنے چاہئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے ترقی و خوشحالی کی علامت ہوتے ہیں مگر اس کے ساتھ ساتھ تاجر برادری کے مفادات کا بھی خیال رکھنا ضروری ہے۔ اس موقع پر لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی مسماری سمیت سول سوسائٹی کے دیگر معاملات بھی زیر بحث آئے۔ وقار احمد میاں نے گورنر پنجاب سے اپیل کی کہ وہ لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی مسماری کے معاملے میں بھی کردار ادا کریں۔ مزید برآں انہوں نے عوامی مسائل کے حل کے لیے گورنر پنجاب کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے درخواست کی کہ وہ میوہسپتال میں ایک واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کروادیں جس پر گورنر پنجاب نے غور کرنے کا وعدہ کیا۔

متعلقہ عنوان :