حکومت پاکستان مسئلہ کشمیرکو ازسر نو اقوام متحدہ اور عالمی سطح پر اٹھائے،عبدالرشید ترابی

جمعہ 7 فروری 2014 16:08

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7فروری 2014ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہاہے کہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیرکواز سر نو اقوام متحدہ اور عالمی سطح پر اجاگر کرے ہندوستان سے دس سال تک مذاکرات کا ڈرامہ کر کے دیکھ لیا گیا ہے ہندوستان کو پرنالہ ابھی تک اٹوٹ انگ پر ہی ہے،ان خیالات کا اظہار انھو ں نے وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیرکی طرف سے کشمیرکمیٹی کے چیرمین مولانا فضل الرحمان اور جماعت کے سربراہان کو دیے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ ہندوستان مکا ر دشمن ہے وہ مذاکرات کو بطور ہیتھیار استعمال کررہاہے وہ کشمیریوں کو پیغام دے رہاہے کہ جس پاکستان کے لیے وہ قربانیاں دے رہے ہیں وہ ان کی حمایت سے دست کش ہوچکاہے،حکومت پاکستان کی طرف سے تمام تر سی بی ایمز کے باوجود ہندوستان ایک قدم بھی پیچھے نہیں آیا اور نہ کشمیرمیں مظالم میں کوئی کمی کی بلکہ مظالم میں اضافہ کیا،ان حالات میں کشمیرکمیٹی اور حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ وسعی مشاورت اور جامع حکمت عملی تشکیل دے تاکہ کشمیر کی آزادی کی منزل حاصل ہوانھوں نے کہاکہ ریاست کے آزاد حصوں کو ضروری آئینی ترامیم کرکے ان کو آزادی کو حقیقی بیس کیمپ بنایا جائے،قائد اعظم کے ویثرن کے مطابق آزاد خطوں کو باہم آئینی طورپر مربوط کرکے آزاد ی کا حقیقی بیس کیمپ بنا یا جائے تاکہ یہ بیس کیمپ وہ کردار دار ادا کرکے جس کے لیے قوم نے قربانیاں دیں تھیں،انھوں نے کہاکہ آزاد خطوں کو رول ماڈل بنایا جائے تاکہ وہ مقبوضہ کشمیرکے عوام کے لیے باعث ترغیب ہوں،یہاں اچھا نظام دینے کی ضرورت ہے،بیس کیمپ کا حقیقی کردار ہی تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچاسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :