کشمیر کوئی سرحدی یا علاقائی تنازعہ نہیں ،ڈیڑھ کروڑ انسانوں کے حقوق کا مسئلہ ہے،میر واعظ عمر فاروق

جمعہ 7 فروری 2014 17:42

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7فروری 2014ء) چیئرمین حریت کانفرنس میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ کشمیر کوئی سرحدی یا علاقائی تنازعہ نہیں یہ ڈیڑھ کروڑ انسانوں کے حقوق کا مسئلہ ہے ۔ پاکستان اور بھارت کے تعلقات تب ہی بہتر ہوں گے جب کشمیر کا مسئلہ حل ہوگا۔وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مذاکرات کی جو دعوت دی ہے اس کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہیں ۔

میرواعظ یہاں وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی طرف سے چیئرمین کشمیر کمیٹی مولانا فضل الرحمن کو دیے جانے والے استقبالیہ میں ٹیلیفونک خطاب کر رہے تھے میرواعظ نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اور حکومت نے جس طرح کشمیریوں سے یوم یکجہتی منایا اس سے کشمیریوں کو اطمینان ملا ۔ انہوں نے کہا کشمیریوں کی جدوجہد جس میں لاکھوں شہدا ء کی قربانیاں شامل ہیں کو بڑی تقویت ملی ہے ۔

(جاری ہے)

میر واعظ نے کہا کہ پاکستان حکومت اور سیاسی قیادت جو کاوشیں کر رہی ہے اس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کے شکرگذار ہیں جو تحریک آزادی کے حوالے سے موثر اقدامات کر رہے ہیں۔ میرواعظ نے کہا کہ حق خودارادیت کی تحریک انصاف اور صداقت کی تحریک ہے ۔ اقوام متحدہ اور عالمی اداروں نے جو وعدے کیے وہ پورے نہیں ہوئے مگر کشمیری ہرگز مایوس نہیں اور ہمیں یقین ہے کہ اللہ رب العزت کے فضل و کرم سے شہدا ء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :