ایرانی حکومت امریکا کے دھوکے میں نہ آئے،سربراہ امام خمینی فاؤنڈیشن

جمعہ 7 فروری 2014 17:47

تہران(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7فروری 2014ء)یرانی حکومت کے حمایت یافتہ سرکردہ مذہبی رہنماء آیت اللہ مصباح یزدی نے صدرحسن روحانی پر تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ ایرانی صدرقوم سے جھوٹ بولنا بندکریں،صدر روحانی قوم سے جھوٹ بول کر دھوکہ دے رہے ہیں، میں علما، اہم شخصیات اور شہدا کے ورثا کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ امریکیوں کے دھوکے میں نہ آئیں،عرب ٹی وی کے مطابق ”امام خمینی فاؤنڈیشن“کے سربراہ علامہ مصباح یزدی نے دینی مرکز قم میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر روحانی کی جوہری پروگرام بارے عالمی برادری سے معاہدے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

علامہ یزدی نے صدر کے اس بیان پر سخت برہمی ظہار کی جس میں انہوں نے حال ہی میں ایرانی دانشوروں کے ساتھ گفتگو میں جوہری پروگرام پر معاہدے کا دفاع کیا تھا اور ڈیل کی مخالفت کرنے والوں کو جاہلوں کا ٹولہ قرار دیا تھا۔ایرانی عالم دین نے حکومت اور صدر روحانی کو مشورہ دیا کہ وہ امریکیوں کے دھوکے کا شکار نہ ہوں۔ امریکی بے وفا ہیں۔ وہ اپنے مفاد کے لیے ہم سے نرمی کرتے ہیں۔ وقت آنے پروہ اپنا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کریں گے۔ میں اس لیے باربار کہتا ہوں کہ بے وفا امریکیوں کے کسی دھوکے میں نہ آئیں۔