الطاف حسین کا کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل پر حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ

جمعہ 7 فروری 2014 17:49

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7فروری 2014ء) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔لندن سے جاری بیان میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایم کیوایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 4 ماہ سے ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں اور ہمدردوں کے ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ جاری ہے اور آج تک اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔

الطاف حسین نے کہا کہ کورنگی سیکٹر کے یونٹ 75 کے کارکن سلمان نورالدین کو سادہ لباس میں ملبوس سرکاری اہلکاروں نے 3 فروری کو ان کے بھانجے کے ہمراہ گرفتارکیا اور 4 فروری کو شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے سے ان کی لاش برآمد ہوئی۔

(جاری ہے)

پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے مطابق انہیں شدید تشدد کے بعد قتل کیا گیا۔الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کا شروع دن سے ہی یہ مؤقف ہے کہ کسی بھی جماعت سے تعلق رکھنے والا اگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کومطلوب ہے تو اسے گرفتارکرکے عدالت میں پیش کیا جائے اور کسی بھی ملزم کے خلاف ماورائے آئین اور قانون اقدامات سے گریز کرتے ہوئے شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا احترام کیاجائے۔

انہوں نے وزیراعظم نوازشریف، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی، گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ ماورائے عدالت قتل کے واقعات کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے۔