صوبائی حکومت نے کسان برادری کو نہری انتظام و انصرام میں براہ راست شریک کر کے انہیں نیا اعتماد دیا ہے‘ وزیر آبپاشی پنجاب

ہفتہ 8 فروری 2014 15:45

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8فروری 2014ء) صوبائی حکومت نے کسان برادری کو نہری انتظام و انصرام میں براہ راست شریک کر کے انہیں نیا اعتماد دیا ہے، اس طرح کسان برادری میں نہری اثاثہ جات کی ملکیت اور دیکھ بھال کا جذبہ بھی اجاگر ہوا ہے۔ یہ بات صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے ہفتہ کے روز یہاں اپنے دفتر میں کسانوں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر محکمہ آبپاشی و پیڈا کے مختلف افسران بھی موجود تھے ۔ وفود سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت نے کسان برادری کے نمائندوں پر مشتمل تنظیمیں تشکیل دی ہیں۔ یہ تنظیمیں اپنے اپنے حلقہ اثر میں نہروں کی دیکھ بھال ، آبیانہ کی وصولی اور دیگر معاملات میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسان تنظیموں کی فعال کارکردگی اس نظام کی کامیابی کا بین ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسان تنظیموں کی بدولت بنیادی سطح پر نہروں کی دیکھ بھال اور ان کی ضروری تعمیر و مرمت جیسے اہم معاملات میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔ اسی طرح آبیانہ کی وصولی اور پانی کی منصفانہ تقسیم کے معاملات میں قابل ذکر پیش رفت ہوئی ہے۔ صوبائی وزیر نے کسان برادری کے وفود کو اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ حکومت کسانوں کی بھلائی کے لیے مسلسل مصروف عمل ہے۔

ملکی غذائی ضروریات پوری کرنے اور زرعی ترقی میں کسان برادری کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ تاہم وقت کے ساتھ ساتھ کسانوں کی زراعت کے جدید اصولوں اور ٹیکنالوجی تک دسترس کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ بڑھتی آبادی کی غذائی ضروریات بطریق احسن پوری کی جاسکیں۔اس موقع پر کسانوں کے وفود نے حکومتی اقدامات کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :