بھارت کنٹرول لائن پر دیوار تعمیر کرنے کا خیال دل سے نکال دے ،یہ 1947 نہیں ،2014 ہے ،سید بازل علی نقوی

ہفتہ 8 فروری 2014 15:46

مظفرا ٓباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8فروری 2014ء ) آزاد جموں و کشمیر کے وزیر زراعت ،لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ بھارت کنٹرول لائن پر دیوار تعمیر کرنے کا خیال دل سے نکال دے یہ 1947 نہیں 2014 ہے اور اگر وہ یہ سمجھتا ہے کہ وہ اس طرح کے حربوں سے کشمیری عوام کو تقسیم کر دے گا تو یہ اس کی بھول ہے ،ہمارے دل مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے لئے دھڑک رہے ہیں ۔

کشمیری عوام کو کنٹرول لائن کی خونی لکیر نے تقسیم کر رکھا ہے اور اس کا ذمہ دار بھارت ہے جس نے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے ۔پاک بھارت تعلقات کی بہتری کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ،امریکہ اس دیرینہ تنازعے کو حل کرانے کے لئے اپنا اہم کردار ادا کرے ۔کشمیری عوام اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں اور الحاق پاکستان ہماری منزل ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہارایک انٹرویو میں کیا ۔سید بازل علی نقوی نے کہا کہ اس وقت بھی بھارت نے ایک جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے آر پار تجارت کو روک رکھا ہے اور وہ مسلسل جھوٹ کے ذریعے خطے کے امن کو نقصان پہنچا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ خطے میں دیر پا امن کا قیام کشمیر ی عوام کی امنگوں اور خواہشات کی تکمیل ہی سے حاصل ہو سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھی یہ حق حاصل ہے کہ ان کو سیاسی ،معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہوں اور وہ بھی ہر طرح کی پابندیوں سے آزاد ہو کر زندگی گزار سکیں۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے ذریعے ہر مسئلے کا حل ضروری ہے اور وقت آ گیا ہے کہ بھارت اقوا م متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے او رمسئلہ کشمیر کو حل کرے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے بھارت کے زبردستی قبضے کو کبھی بھی قبول نہیں کیا ہے اور وہ اس کے خلاف شروع دن سے جدوجہد کرتے رہے ہیں ۔سی ۔وزیر زراعت نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ جمہوریت کی مضبوطی کے لئے کام کریں اور ایسے وقت میں جب مسئلہ کشمیر انتہائی اہمیت اختیار کر چکا ہے ساری قیادت ایک نکتے پر جمع ہو جو مقبوضہ کشمیر کی آزادی ہونا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :