اسرائیلی فوج کا شہید احمد الفقیہ کا جسد خاکی ورثاء کے حوالے کرنے کا فیصلہ آئندہ اتوار تک موخر

پیر 10 فروری 2014 14:29

الخلیل (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10فروری 2014ء) اسرائیلی فوج نے الخلیل سے تعلق رکھنے والے شہید فلسطینی احمد الفقیہ کا جسد خاکی اس کے ورثاء کے حوالے کرنے کا فیصلہ آئندہ اتوار تک موخر کر دیا ہے۔شہید کے اہل خانہ نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ صہیونی حکام کی جانب سے انہیں بتایا گیا کہ شہید احمد الفقیہ کا جسد خاکی آئندہ اتوار کو مغربی الخلیل میں ترقومیا فوجی چیک پوسٹ سے اس کے ورثاء کے حوالے کیا جائیگا۔

صہیونی فوجیوں کی جانب سے کہا گیا کہ فقیہ کا جسد خاکی 9فروری کو ورثاء کے حوالے کیا جانا تھا مگر متعلقہ افسر کی عدم موجودگی کے باعث ایسا نہ ہوسکا ، اب آئندہ اتوار کو رات 8بجے احمد الفقیہ کا جسد خاکی اس کے ورثاء کے حوالے کیا جائیگا۔ خیال رہے کہ احمد الفقیہ اور اس کے ساتھی محمد شاہی نے کئی سال قبل جنوبی الخلیل میں عتنائیل یہودی کالونی پر حملہ کر کے پانچ یہودی آبادکاروں کو واصل جہنم اور درجنوں کو زخمی کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

جوابی کارروائی میں دونوں فلسطینی شہید ہو گئے تھے۔اسرائیل نے دونوں کی میتیں اپنے قبضے میں لے لی تھیں، جو آج تک سینکڑوں دوسرے شہداء کی میتوں کیساتھ اسرائیل کے قبضے میں ہیں۔ اسرائیلی حکومت نے حال ہی میں فلسطینی شہداء کی میتیں ان کے ورثاء کے حوالے کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس اعلان کے بعد چند ایک شہداء کے جسد خاکی ان کے لواحقین کو دیئے جا چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :