کم سن فرانسیسی شہریوں کی شامی جنگ میں شرکت رکوانے کے لیے علماء متحرک ،نوجوانوں کو ورغلانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے،پیرس میں علماء کانفرنس کا مطالبہ

پیر 10 فروری 2014 20:43

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 فروری ۔2014ء)کم سن فرانسیسی شہریوں کی شامی جنگ میں شرکت رکوانے کے لیے علماء متحرک ہوگئے ،عرب ٹی وی کے مطابق پیرس میں علماء کانفرنس میں فرانس کے جید علماء کرام، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور اسلامی تنظیموں کے ارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تمام شرکاء فرانسیسی نوجوانوں کو جہاد کے نام پر شام لے جانے کے فلسفے، تکفیری فتاوی اور شام میں جہاد کے مخالفین کو کافر قرار دینے والے عناصر کے خلاف یک آواز دکھائی دیئے۔

(جاری ہے)

شرکاء اجتماع نے فرانسیسی نوجوانوں کی شامی محاذ جنگ میں شرکت کو خوفناک رحجان قرار دیتے ہوئے حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ نوجوانوں کو ورغلانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے اور جہاد کے نام پر مسلمان نوجوانوں کو شام لے جانے سے روکا جائے۔اس موقع پر اسلامی تنظیموں کے نمائندگان نے کہا کہ انٹرنیٹ کے ذریعے شام سے جہاد کے لیے اپیلیں کی جاتی ہیں۔ ان اپیلوں کے جواب میں شدت پسند گروپ دوسرے ملکوں سے نوجوانوں کو جنگ کے لیے بھرتی کرتے ہیں۔ لہٰذا انٹرنیٹ کے ذریعے بھرتی کی مہمات پر کڑی نظر رکھی جائے۔