یواے ای کا جاسوس طیاروں کے ذریعے کاغذات کی ترسیل کے منصوبے کااعلان،ڈرونز بیٹری سے چلیں گے، اوپر کے حصے میں چھوٹے پارسلز رکھنے کے لیے جگہ ہوگی،وزیرامورمحمد الجرجاوی

منگل 11 فروری 2014 21:29

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 فروری ۔2014ء) متحدہ عرب امارات نے ڈرون طیارے کو سرکاری دستاویزات شہریوں تک پہنچانے کے لیے استعمال کرنے کے ایک منصوبے کا اعلان کردیا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے کابینہ امور کے وزیر محمد الجرجاوی نے کہاکہ یو اے ای ڈرونز کو سرکاری خدمات کی فراہمی کے لیے استعمال کرے گا اور دنیا میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہوگا۔

یواے ای کے تیار کردہ ڈرونز بیٹری سے چلیں گے۔یہ تتلی (بٹرفلائی) کے مشابہ قریباً نصف میٹر لمبے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے اوپر کے حصہ میں چھوٹے پارسلز رکھنے کے لیے جگہ ہوگی۔ان کا رنگ سفید ہے اور ان پر یواے ای کا پرچم بنا ہوا ہے۔چارروٹروں سے چلنے والے ان ڈرونز کو ابتدائی طور پر دبئی میں چھے ماہ کے آزمائشی عرصہ کے دوران قومی شناختی کارڈز ،ڈرائیونگ لائسنس اور دوسرے پرمٹس کو شہریوں تک پہنچانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔وزیرمحمد جرجاوی کا کہنا تھا کہ آزمائشی عرصے کے دوران ان کی پائیداری اور کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور آیندہ ایک سال کے دوران ڈرون سروس کو پورے یواے ای میں بروئے کار لایا جائے گا۔