مقبول بٹ کی تحریک آزادی کیلئے خدمات کشمیر کی تاریخ کا سنہری باب ہے ،یاسین ملک

بدھ 12 فروری 2014 13:53

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12فروری 2014ء) مقبوضہ کشمیرمیں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئر مین محمد یاسین ملک نے ممتاز حریت رہنما محمد مقبول بٹ کوانکی شہادت کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید کی تحریک آزادی کے لئے خدمات کشمیر کی تاریخ کا ایک سنہری باب ہے۔ محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ محمد مقبول بٹ نے آج سے تیس برس قبل نئی دلی کی تہاڑ جیل میں تختہ دار کو چوم کر تحریک آزادی کو ایک نئی جلا بخشی۔

انہوں نے کہا کہ شہید کی برسی پر کشمیری جس منظم اور والہانہ انداز سے اپنے ہیرو کو یاد کررہے ہیں وہ بھارت کے لیے یہ واضح پیغام ہے کہ وہ آزادی پسند رہنماؤں کو سزائے موت دینے یاانہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیل کر کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتا۔

(جاری ہے)

دریں اثنا لبریشن فرنٹ کے رہنمابشیر احمد کشمیری کی قیادت میں سرینگر کے علاقے مائسمہ سے لال چوک کی طرف جانے والے ایک پر امن جلوس پربھارتی پولیس نے دھاوا بول کر اسے آگے بڑھنے سے روک دیا اور بشیر احمد کشمیری،غلام رسول ہزاری،محمدحنیف،محمد افضل شیخ،امتیاز احمد،شاہد مکایا سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔

ادھر جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے زیر اہتمام شہید محمدمقبول بٹ کے آبائی گاؤں ترہگام میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیاجس کی صدارت تنظیم کے سینئر رہنما ماسٹر محمد افضل نے کی۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں مقررین نے شہید محمد مقبول بٹ کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ شہید نے ایک عظیم مقصد کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبول بٹ اور دیگر ہزاروں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ انکے مشن کو مقصد کے حصول تک ہرقیمت پرجاری رکھا جائے۔ تقریب میں مقبول بٹ کے بھتیجے اور بھتیجی نے شہید کے بارے میں نظمیں پڑھیں۔