آزادکشمیر میں قانون کی حکمرانی ،انصاف کی بالادستی ،میرٹ کی سختی سے پاسداری اور گڈگورننس کو فروغ دیا جارہا ہے،چوہدری عبدالمجید

بدھ 12 فروری 2014 17:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12فروری 2014ء)وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ آزادکشمیر میں قانون کی حکمرانی ،انصاف کی بالادستی ،میرٹ کی سختی سے پاسداری اور گڈگورننس کو فروغ دیا جارہا ہے۔آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت سیاسی کلچر کو بدل کر رکھ دے گی۔جس میں عوام کو پسند ناپسند کی بینٹ چڑھا دیاگیا اور عوام کو محرومیوں کے سوا کچھ نہ ملا۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے آزادکشمیر سے استحصالی کلچر کے خاتمے کے لئے ایسی حکمت عملی اختیار کررکھی ہے جس سے علاقائی اور قبیلائی نظام ختم ہوگا اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوسکے گی ۔آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت نے سیاست کو عبادت کا درجہ دے رکھا ہے۔انسانیت کی فلاح وبہبود ہمارا ایجنڈا ہے ۔

(جاری ہے)

کرپشن کے الزامات ہمیں اس ایجنڈے سے ڈی ٹریک نہیں کرسکتے۔

وزیراعظم آزادکشمیر یہاں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر چوہدری منصف داد سے بات چیت کررہے تھے جنہوں نے کشمیرہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر کی عوام نے پیپلزپارٹی کی حکومت کو بھاری مینڈیٹ دیا۔پیپلزپارٹی کی حکومت نے پارٹی ویژن کے مطابق آزادخطہ کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لئے ایسے روڈ میپ پر سفر شروع کررکھا ہے ہم نے مختصر عرصہ میں فنانشل ڈسپلن قائم رکھتے ہوئے جتنے میگاپراجیکٹس دئیے ماضی کی حکومتیں 66سالوں میں نہ دے سکیں۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کے عوام کو جان بوجھ کر پسماندہ رکھاگیا اور آزادکشمیر کو کھنڈرات میں بدل دیا گیا۔آزادکشمیر کے انفراسٹرکچر کی بحالی عوامی خوشحالی وترقی کے لئے ہم نے جو حکمت عملی اختیار کررکھی ہے اس سے عوام کی ماضی کی تمام محرومیوں کا ازالہ ہوگا اور آزادخطہ مکمل طور پر فلاحی معاشرے کے ٹریک پر آجائے گا۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزادکشمیر کے عوام نے پارٹی ویژن کے مطابق ہمیں بھاری مینڈیٹ دیا آزادکشمیر کے عوام سے کئے جانے والے تمام وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ حکومت سے وابستہ عوام کی تمام توقعات پوری کی جائیں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں خودانحصاری کے فروغ ،معاشی ترقی وخوشحالی کے لئے آزاد حکومت بڑے پیمانے پر بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دے رہی ہے۔

آزادکشمیر میں ہائیڈل جنریشن ،ٹورازم اور ایجوکیشن کو فوکس کررکھا ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ کشمیر کو ایجوکیشن اسٹیٹ میں بدل دیں گے اور آزادکشمیر میں تعلیم کے ذریعے ترقی کا انقلاب لائیں گے۔دریں اثناء ایک اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ریاستی انتظامیہ مشنری جذبے سے کام کرے اور خدمت خلق کو اپنا شعار بنائے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام کو زندگی کی تمام جدید سہولتوں کی فراہمی کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔اعلیٰ سطح اجلاس میں وزیرخزانہ چوہدری لطیف اکبر،وزیرتعلیم میاں عبدالوحید،وزیرسیاحت عبدالسلام بٹ، وزیرزراعت سیدبازل علی نقوی،وزیرہاؤسنگ چوہدری پرویز اشرف،وزیر اوقاف چوہدری افسر شاہد، وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فیاض علی عباسی، سیکرٹری اوقاف شوکت مجید ملک ،ڈی جی اوقا ف راجہ خالد نیاز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

دریں اثنا ء کشمیر ہاؤس میں آزادکشمیر اور مہاجرین کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ آزادکشمیر میں پارٹی نظریات کو اجاگر کیا جارہا ہے اور پارٹی ویژن کو عملی جامعہ پہنایا جارہا ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پاکستان اہل کشمیر کے ایمان کا حصہ ہے پاکستان اہل کشمیر کی منزل ہے۔وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حوالے سے جو موقف اپنایا اس سے کشمیریوں کی تحریک کو تقویت ملی اور ہم وزیراعظم پاکستان اور 18کروڑ پاکستانی عوام کے شکر گزار ہیں۔

ریاست جموں وکشمیر کے عوام نے اس منزل کے حصول کے لئے جو پرامن جدوجہد شروع کررکھی ہے بھارتی حکمرانوں کے جابرانہ ہتھکنڈے کشمیریوں کو منزل سے دور نہیں رکھ سکتے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت ساری ریاست جموں وکشمیر کی ترجمان حکومت ہے اور یہ حکومت شہداء کشمیر کے لہو کی امانت ہے ۔تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت کشمیری شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ کشمیری شہداء کا لہو رنگ لارہا ہے اور آزادی کشمیر یو ں کا مقدر بنتی جارہی ہے۔بھارت کی آٹھ لاکھ پیراملٹری فورسز کے لئے کشمیریوں کا راستہ روکنا ممکن نہیں رہا۔