کراچی، پولیس کی بس پر خودکش حملہ،11 اہلکار جاں بحق،40 سے زائد زخمی

جمعرات 13 فروری 2014 11:28

کراچی،  پولیس کی بس پر خودکش حملہ،11 اہلکار جاں بحق،40 سے زائد زخمی

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13فروری 2014ء) کراچی میں پولیس اہل کاروں سے بھری بس پر خود کش کار بم حملے میں 11 اہل کار جاں بحق اور40 سے زائد زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

صبح تقریباً ساڑھے سات بجے کراچی کی نیشنل ہائی پر واقع رزاق آباد ٹریننگ سینٹر سے بس نکلی ، جو پولیس اہل کاروں سے بھری ہوئی تھی، ابھی بس ٹریننگ سینٹر کے قریب تھی کہ خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی ٹکرادی، دھماکا اتنا شدید تھا کہ لوہے کی چادر کاغذ کی طرح اکھڑ گئی اور اندر بیٹھے درجنوں اہل کار بری طرح متاثر ہوئے ، قریبی گاڑیاں بھی دھماکے کی زد میں آئیں جبکہ دھماکے میں استعمال کی گئی وین کا مختصر چیسس ہی بچا ہے۔

زخمیوں اور لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، کچھ زخمی اسپتال پہنچ کر یا راستے میں دم توڑ گئے ، بعض کی حالت اب بھی نازک بتائی جاتی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق دھماکے کے وقت55 اہلکار سوار تھے جو بلاول ہاوٴس ڈیوٹی کیلئے جارہے تھے۔بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع سے شواہد اکٹھے کررہا ہے جس کے بعد دھماکے کی نوعیت کے بارے میں حتمی طور پر کچھ کہا جاسکے گا۔سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔