جماعت اسلامی 31مارچ تک ضلع بھر میں وارڈوائز تنظیم سازی مکمل کرے گی ، عبد الحمید چوہدری ایڈووکیٹ

جمعہ 14 فروری 2014 16:41

کوٹلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14فروری 2014ء) امیرجماعت اسلامی ضلع کوٹلی عبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی 31مارچ تک ضلع بھر میں وارڈوائز تنظیم سازی مکمل کرے گی۔ قبیلوں اور تعصبات کی سیاست کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ دیانت دار اور نظریاتی افراد کو منظم کیاجائے ۔جماعت اسلامی ایک نظریاتی تحریک ہے اورنظریاتی صف بندی کر کے ہی حقیقی اسلامی انقلاب کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔

موجودہ حکومت نے کرپشن اور نااہلی کے ریکارڈ توڑ دےئے۔تقرریاں اور تبادلے ذاتی پسند وناپسند کی بنیاد پر کرکے معاشرے کو اخلاقی دیوالیہ پن کا شکار کر دیا۔ سپریم کورٹ کا پبلک سروس کمیشن کی تقرریاں کالعدم قرار دینے کا فیصلہ احسن اقدام ہے۔ جب تک معاشرے میں میرٹ اور انصاف کی حکمرانی قائم نہیں ہوتی اس وقت تک جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ 1کوٹلی ،کھوئیرٹہ ، چڑھوئی اور گلپور میں جماعت اسلامی کے ذمہ داران کے اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کا تقاضا ہے کہ جماعت اسلامی آزاد خطہ میں موثر سیاسی کردار ادا کرے او راپنے سیاسی رول کے ذریعے تحریک آزادی کشمیر کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے کردار ادا کرے۔ جماعت اسلامی نے اپنے چار نکاتی پروگرام تطہیر و تعمیر افکار، تنظیم و تربیت ، اصلاح معاشرہ کے ذریعے اصلاح حکومت کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے تاکہ فرد سے لے کر حکومت تک اصلاح و احوال ممکن ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :