کرپشن کے خلاف بل اسمبلی میں پیش نہ کیے جانے پر دہلی کے وزیر اعلی مستعفی ،دوبارہ انتخابات کا مطالبہ،کابینہ بھی مستعفی،استعفے مرکز کو بھجوادیئے،بی جے پی ،کانگریس نے بل پیش نہیں ہونے دیا،عام آدمی پارٹی سربراہ ، وزارت داخلہ کی منظوری کے بغیر بل اسمبلی میں پیش نہیں کیاجاسکتاتھا،وزارت قانون ۔۔ بل کی حمایت میں ہیں لیکن آئینی دفعات کی خلاف ورزی بر داشت نہیں کرسکتے،کانگریس، جمہوریت کا راگ الاپنے والی سرکارکی کرپشن آج پھر جیت گئی ، عام آدمی پارٹی ہار گئی ، بھارتی میڈیا کا تبصرہ

جمعہ 14 فروری 2014 22:13

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 فروری ۔2014ء) کرپشن کے خلاف جن لوک پال بل اسمبلی میں پیش نہ کیے جانے پر نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے دوبارہ انتخابات کا مطالبہ کردیا، بھارتی میڈیاکے مطابق اسمبلی میں کرپشن کے خلاف بل کی 70رکنی اسمبلی میں سے 42نے بل اسمبلی میں پیش کرنے کی مخالفت کی جس کی وجہ سے نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا،وزیراعلی کے ساتھ ان کی کابینہ بھی مستعفی ہوگئی ،اس موقع پر اروند کیجریوال برہم ہوگئے۔

کانگریس اوربھارتیہ جنتا پارٹی کوآڑے ہاتھوں لیا،عام آدمی پارٹی کے سربراہ نے بھارت کے سب سے بڑے سرمایہ دارمکیش انبانی کوبھی لپیٹ میں لیاساتھ ہی سو بار نہیں ہزار بار دیش کیلئے مستعفی ہونے کا اعلان اور کابینہ سمیت مستعفی ہوگئے اور مرکز کو استعفے بھجوادئیے گئے، اروندکیجریوال نے کہاکہ وفاق میں اپوزیشن جماعت بھاریہ جنتاپارٹی(بی جے پی)اورحکومتی جماعت کانگریس نے بل اسمبلی میں پیش نہیں ہونے دیا،انہوں نے کہاکہ عہدہ سنبھالتے وقت دہلی کی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ کرپشن کے خلاف بل اسمبلی سے پاس کرائیں گے آج اپنے مقصد میں کامیابی حاصل نہ ہونے پر استعفی دے رہا ہوں ،انہوں نے کہاکہ گورنر سے اسمبلی توڑنے اورنئے انتخابات کا مطالبہ کریں گے ،مستعفی وزیراعلی نے کہاکہ وہ کرپشن کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے کوئی یہ نہ سمجھے کہ میرے مستعفی ہونے سے یہ مطالبہ دم توڑ جائیگا،اس موقع پر وفاقی وزارت قانون وانصاف نے کہاکہ مرکزی وزارت داخلہ کی منظوری کے بغیر یہ بل اسمبلی میں پیش نہیں کیاجاسکتاتھاجبکہ حکومتی جماعت کانگریس کا کہنا تھا کہ وہ جن لوک پال بل کی حمایت میں ہیں لیکن آئینی دفعات کی خلاف ورزی بر داشت نہیں کرسکتے،یادرہے کہ چار روز قبل نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اورعام آدمی پارٹی کے رہنما اروند کیجریوال نے دہلی کے عوام سے وعدہ کیا تھاکہ اگر فراڈ اورکرپشن روکنے کیلئے احتساب بل دہلی اسمبلی سے پاس نہ ہواتو وہ مستعفی ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

ادھر بھارتی میڈیا نے تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ جمہوریت کا راگ الاپنے والی بھارتی سرکارکا پلیٹ فارم یہ ہے دہلی کی اسمبلی جہاں آج پھرکرپشن جیت گئی جبکہ عام آدمی پارٹی ہار گئی، عام آدمی کرپشن کا انسداد تو دورکی بات انسداد کرپشن کا بل بھی اسمبلی میں جگہ نہ پاسکا،میڈیا رپورٹس کے مطابق 49روزہ عام آدمی حکومت سرمایہ دارنظام کے آگے کھڑی نہ رہ سکی مگرہر خاص و عام کے سامنے یہ چبھتا سوال کھڑا کرگئی کہ کیا عام آدمی کی بھارت میں کوئی جگہ ہے ؟