کراچی:مختلف علاقوں میں رینجرز آپریشن،18 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد، دہشتگردوں‌کی فائرنگ، دستی بم حملے میں رینجرز اہلکار زخمی، جوابی کارروائی میں 5 ملزمان مارے گئے

اتوار 16 فروری 2014 12:26

کراچی:مختلف علاقوں میں رینجرز آپریشن،18 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد، ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16فروری۔2014ء) کراچی میں اتحاد ٹاؤن اور سپرہائی وے پر افغان بستی میں رینجرز نے سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ اور دستی بم حملے میں ایک رینجرز اہلکار زخمی جبکہ جوابی کارروائی میں 5 ملزمان مارے گئے۔آپریشن میں غیر ملکیوں اور مبینہ کالعدم تنظیم کے ارکان سمیت 18 ملزمان گرفتار کرکے اسلحہ برآمدکرلیا گیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق اتحاد ٹاؤن کے علاقے محمد خان کالونی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پرٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ اور دستی بم سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک رینجرز اہلکار زخمی ہو گیا۔

(جاری ہے)

رینجرز کی جوابی کارروائی کے بعد دہشت گرد حب ریور روڈ کی جانب فرار ہو گئے جہاں ملزمان اور رینجرز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

۔ مقابلے میں مبینہ طور پر3ملزمان مارے گئے جن کے قبضے سے دستی بم، 2 ایس ایم جی رائفل اور ایک پستول برآمد ہوا۔رینجرز نے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 18 ملزمان کو گرفتار کرکے 46 مختلف اقسام کے ہتھیار برآمد کرلیے۔ اس سے قبل سپرہائی وے پر افغان بستی سے متصل چاول گودام کے قریب رینجرز افسر پر فائرنگ کے بعد مشتبہ افراد کی گرفتاریوں کے لیے رینجرز نے چھاپے مارے۔ اس دوران رینجرز اور مشتبہ افراد میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 2ملزمان مارے گئے۔ہلاک ملزمان کے قبضے سے ایک ہینڈ گرینیڈ اور 2 کلاشنکوف برآمد ہوئیں۔ ترجمان رینجرز کا دعویٰ ہے کہ ملزمان حلیے سے کالعدم تحریک طالبان کے دہشت گرد معلوم ہوتے ہیں۔