طالبان سے مذاکرات پاکستانی حکومت کا اندرونی معاملہ ہے: رچرڈ اولسن

اتوار 16 فروری 2014 12:28

طالبان سے مذاکرات پاکستانی حکومت کا اندرونی معاملہ ہے: رچرڈ اولسن
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16فروری۔2014ء) امریکہ کے پاکستان میں سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ طالبان سے پاکستان حکومت کے مذاکرات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے اس پر ہمارا کوئی موقف نہیں۔ پانچ ہزار سال قدیم تہذیب موہنجو داڑو کے مختلف مقامات کی سیر کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موہنجو داڑو پانچ ہزار سال قدیم آثار ہیں جس کو دیکھ کر مجھے انتہائی خوشی محسوس ہوئی ہے یہ تہذیبی ورثہ نہ صرف سندھ کی قدیم تہذیب کی عمدہ مثال ہے بلکہ ساری دنیا کے لیے ایک اثاثہ ہے۔

انہوں نے سندھ فیسٹول کے انعقاد کو بھی خوش آئند قرار دیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ کونسلر جنرل مائیکل ڈوڈمین، یو ایس ایڈ پاکستان کے سربراہ گریج، صوبائی وزیر سندھ نثار کھوڑو، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی بھی ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں امریکی سفیر نے موہنجو داڑو میں قائم میوزیم کا بھی دورہ کیا اور نثار کھوڑو کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں بھی شرکت کی۔

رچرڈ اولسن نے گڑھی خدا بخش بھٹو میں ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے مزاروں پر حاضری بھی دی اور پھولوں کی چادریں بھی چڑھائیں۔ اس موقع پر پاکستان میں بھٹو خاندان کی سیاست کے تاریخی کردار کو سراہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو پاکستان کے ایسے رہنما تھے جنہوں نے سیاسی نظام میں کبھی نہ مٹنے والے نقوش چھوڑے ہیں۔ ان کے تصورات اور خیالات آج بھی پاکستان کے کروڑوں لوگوں کے تصوروں میں ہم آہنگ ہیں۔ سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ طالبان سے پاکستان حکومت کے مذاکرات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے اس پر ہمارا کوئی موقف نہیں۔