حکومت مالی بحران کا شکار، تعمیروترقی کاعمل بری طرح ٹھپ ہوگیا ہے‘ وزیرٹرانسپورٹ

پیر 17 فروری 2014 13:36

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17فروری 2014ء)ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر ‘ جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی و وزیر ٹرانسپورٹ آزادکشمیر محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ ایک جانب حکومت مالی بحران کا شکار، تعمیروترقی کاعمل بری طرح ٹھپ، دوسری جانب بیورو کریسی کی جانب سے سرکاری گاڑیوں کا ناجائز استعمال بھی عروج پر، بیورو کریسی اور سرکاری ملازمین سرکاری گاڑیوں کا بے دریغ استعمال کر کے ماہانہ حکومت کو کروڑوں کی پھکی دے رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ اگر صرف سرکاری آفیسران جو سرکاری گاڑیوں اور پٹرول سے اپنے بچوں کو سکولوں میں پک اینڈ ڈراپ کی سہولت دے رہے ہیں پر پابندی لگا دی جائے تو ماہانہ تقریباً 10 کروڑ روپے کی بچت ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ان گاڑیوں کی تعداد تقریباً ایک ہزار کے قریب بنتی ہے۔ ایک جانب تعمیروترقی ٹھپ، عوام غریب اور بیروزگاری کا شکار اور دوسری جانب بیورو کریسی صرف پٹرول کی مد میں حکومت کو کروڑوں کی پھکی دے رہی ہے۔

اس سلسلہ میں اب روکنا پڑے گا۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ سرکاری گاڑیوں کے ناجائز استعمال کو مکمل روکا جائے گا۔ اس سلسلہ میں پالیسی مرتب کی جا رہی ہے۔ سرکاری گاڑیاں بیوروکریسی صرف سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے استعمال کرے۔ بیورو کریسی عیاشیوں کا سلسلہ بند کرے ۔ عوام کے ٹیکسوں کے پیسے سے عیاشی کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پک اینڈ ڈراپ کے لیے سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر پابندی کے لیے غور کیا جا رہا ہے۔

جو آفیسر بچوں کی پک اینڈ ڈراپ کی سہولت کے لیے سرکاری گاڑی استعمال کرے گا اسے پٹرول اپنی گرہ سے ڈالنا ہو گا اور ماہانہ کم از کم 3 ہزار تنخواہ سے کٹوتی کروائے گا۔ بصورت دیگر ایسے آفیسران کے خلاف بددیانتی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور سرکاری اثاثہ جات کے ذاتی استعمال کے جرائم کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ آزادکشمیر کو خود کفیل بنانے کا خواب اس وقت تک شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا جب تک بیوروکریسی کی عیاشیاں بند نہیں کی جاتیں۔

انہوں نے عوام اور میڈیا سے کہا کہ وہ سرکاری گاڑیوں کے ناجائز استعمال پر نظر رکھیں اور ناجائز استعمال کے بارے میں وزارت ٹرانسپورٹ کو اطلاع دیں۔ طاہر کھوکھر نے کہا کہ میڈیا خرابیوں کی نشاندہی کرے میں بحیثیت وزیر ٹرانسپورٹ بھرپور ایکشن لوں گا۔