دشمن کا مردانہ وار مقابلہ مسلسل تربیت سے ہی ممکن ہے، ایئرچیف مارشل

پیر 17 فروری 2014 16:54

دشمن کا مردانہ وار مقابلہ مسلسل تربیت سے ہی ممکن ہے، ایئرچیف مارشل

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17فروری 2014ء) ایئرچیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے کہا ہے کہ دشمن کا مردانہ وار مقابلہ کرنے کی صلاحیت جارحانہ حکمتِ عملی اور جذبے کے ساتھ بہترین اور مسلسل تربیت سے ہی ممکن ہے۔ پاک فضائیہ کے 43 ویں کمبیٹ کمانڈرز کورس کی تقریب پی اے ایف بیس مصحف میں ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے کہا کہ عصرِ حاضر میں فضائی جنگیں بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہیں ۔

ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے کورس کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپکو مستقبل میں اپنی ذمہ داریوں سے پیشہ ورانہ انداز سے نبرد آزما ہونے کے لئے بہترین کاوشیں جاری رکھنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ فوجی سازوسامان کی اہمیت اپنی جگہ مگر دشمن کا مردانہ وار مقابلہ کرنے کی صلاحیت جارحانہ حکمت عملی اور جذبے کے ساتھ بہترین اور مسلسل تربیت سے ہی ممکن ہے ۔

(جاری ہے)

اسی بات کے پیشِ نظر پاک فضائیہ نے اپنے اثاثہ جات، ترقیاتی منصوبوں اور آپریشنل تیاریوں کی بڑے پیمانے پر جانچ پڑتال شروع کی ہے۔ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے اس موقع پر گریجوٹینگ آفیسرز میں سرٹیفکیٹ اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔ بہترین کمبیٹ کمانڈر کی چیف آف دی ائیر سٹاف ٹرافی سکواڈرن لیڈر محمد اسد خان نے حاصل کی جبکہ بہترین کمبیٹ کنٹرولر کی ائیر آفیسر کمانڈنگ ائیر ڈیفنس کمانڈ ٹرافی سکواڈرن لیڈر رفعت مسعود نے حاصل کی۔