صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے صوبے میں اعلیٰ اور جدید تعلیم کے فروغ کا عزم کر رکھا ہے ،شہرام خان ترکئی ،صوبائی حکومت صوبے میں جی آئی کے انسٹی ٹیوٹ جیسے ادارے قائم کر نے کی عملی کوشش کر رہی ہے، وزیر زراعت خیبر پختونخوا

پیر 17 فروری 2014 19:43

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 فروری ۔2014ء) صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت و انفا میشن ٹیکنالوجی شہرام خان ترکئی نے غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ سائنسز و ٹیکنالوجی میں سائنس سوسائٹی جی آئی کے انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام سہ روزہ سائنس ایگزیبیشن کے اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر تے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے صوبے میں اعلیٰ اور جدید تعلیم کے فروغ کا عزم کر رکھا ہے ۔

کیونکہ دُنیا میں تعلیم ہی ایک ایسا ہتھیار ہے جس کے بغیر ہم پاکستان میں ترقی کے منازل طے نہیں کر سکتے ہیں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شہرام خان ترکئی نے کہا کہ ہماری صوبائی حکومت صوبے میں جی آئی کے انسٹی ٹیوٹ جیسے ادارے قائم کر نے کی عملی کوشش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

کیونکہ ہمارے مسائل کا حل عام تعلیم نہیں بلکہ اعلیٰ اور جدید علوم ہے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اس دورمیں اعلیٰ تعلیم کے حصول سے بے روزگاری اور دیگر بحرانوں پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے سرکاری سکولوں میں بہت جلد چودہ ہزار اساتذہ بھرتی کر کے تعینات کئے جائیں گے ۔ ان تقرریوں کیلئے تمام تر کار روائیاں تیز ی سے جاری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں ان اساتذہ سمیت دیگر اداروں میں بھی تقرریاں خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر کرائے جائیں گے۔ تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہو انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں میں کسی کو بھی سیاسی مداخلت کی اجازت نہیں ہو گی اس موقع پر سائنس سوسائٹی کے ایڈوائزر ڈاکٹر جمیل الہٰی نے کہا کہ ایگزیبیشن میں ملک کے مختلف اداروں کے دو سو طلبہ نے حصہ لیا اور اس میں مختلف پراجیکٹس لگا کر اُنہیں ایک دوسرے سے سیکھنے کا موقع بھی ملا۔

صدر سائنس سوسائٹی محسن نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا جب کہ صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی نے تقریب کے اختتام پر طلبہ میں شیلڈ اور سر ٹیفکیٹس تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :