وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر خوراک کا حویلیاں اور ہری پور کے گندم کے گوداموں کا اچانک معائنہ، گندم کا وزن او ر معیار چیک اور سٹاف کے حاضری رجسٹروں کا معائنہ کیا

پیر 17 فروری 2014 20:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 فروری ۔2014ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی نے حویلیاں اور ہری پور کے گندم کے گوداموں کا اچانک معائنہ کیا۔انہوں نے اس دوران گندم کا وزن او ر معیار چیک اور سٹاف کے حاضری رجسٹروں کا معائنہ کیا اور تمام سٹاف کو حاضر قرار پایا۔ انہوں نے اس موقع پر صوبہ بھر کے لئے گندم کے کوٹے کو تین ہزا ر ٹن سے بڑھا کر ساڑھے تین ہزار ٹن یومیہ کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے محکمہ کے افسروں کو ہدایت کی کہ وہ ملوں کو قانون اور سرکاری طریقہ کار کے مطابق صحیح کوٹہ اور وزن کے حساب سے گندم فراہم کریں مقدار اور کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے محکمہ خوراک کے ملازمین کے دیرینہ مطالبات پورے کرتے ہوئے ان کی اگلے گریڈوں میں اپ گریڈیشن اور ترقی کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جتنی سہولیات محکمہ خوراک کے ملازمین کو موجودہ حکومت کے دور میں فراہم کی گئی ہیں ان کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ اب ملازمین کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات کا فائدہ اٹھا کر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں جو کہ موجودہ حکومت کا بنیادی مقصدہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبے کی ضروریات کے مطابق ساڑھے چار لاکھ ٹن گندم خرید رکھی ہے انشاء اللہ گندم کا کوئی بحران پیدا نہیں ہو گا۔حاجی قلندر خان لودھی نے کہا کہ محکمہ کے افسروں کے ساتھ ساتھ گوداموں پر متعین چوکیدار اور دیگر عملہ اپنی ڈیوٹی صحیح ادا کرے انہیں کسی بھی وقت چیک کیاجا سکتا ہے اور غیر حاضری کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

حویلیاں گودام کے دورے میں انہیں بتایا گیا کہ یہاں پر ایک لاکھ 13 ہزار بوری گندم موجود ہے جبکہ ہری پور کے گوداموں میں65 ہزار بوری گندم موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :