چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے ملتان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات،معاشرے سے قانون اور انصاف کی فراہمی کے بغیر نظام زندگی تباہ ہو جا تا ہے‘ جسٹس عمر عطاء بندیال

پیر 17 فروری 2014 20:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 فروری ۔2014ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا ہے کہ قرآن ہمیں قانون کی حکمرانی اور آئین کے نفاذ کا درس دیتا ہے، ہمارا عقیدہ قانون کی مکمل عملداری کا مطالبہ کرتا ہے اور معاشرے سے قانون اور انصاف کی فراہمی کے بغیر نظام زندگی تباہ ہو جا تا ہے۔ان خیالات کا اظہار فاضل چیف جسٹس نے سوموار کے روز اپنے چیمبر میں ملتان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر محمد شہباز رضوی کی سربراہی میں بار کے ایک وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔

فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ وکلاء برادری خوش قسمت ہے کہ انکا ذریعہ معاش لوگوں کی مشکلات کو ختم کرنے سے منسلک ہے اور جن سائلین کے مسائل حل ہوتے ہیں وہ کالے کوٹ کو بہت عزت واحترام دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

فاضل چیف جسٹس نے ملتان ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انکے دور میں ایک بھی متنازعہ مسئلہ سامنے نہیں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ڈیڑھ سال سے عدالتی بائیکاٹ اور روز مرہ کی ہڑتالوں کی روایت دم توڑ رہی ہے جو کہ عدلیہ کے حوالے سے ایک خوش آئند امر ہے۔

وفدمیں موجود بار کے عہدیداروں نے وکلاء کی شکایات کے بروقت ازالے پر فاضل چیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ جنوبی پنجاب کے وکلاء عدالتوں کے عزت وتوقیر میں اضافے اور مقدمات کو جلد نمٹانے میں اپنا تعاون ہمیشہ جاری رکھیں گے۔