کراچی میں بد امنی کا تسلسل جاری،فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں اے این پی کے رہنما سمیت 10افراد جاں بحق ، رینجرز اور پولیس کے ٹارگٹڈ آپریشنز میں کالعدم تنظیم کے اہم کارندے سمیت 30 افراد کو گرفتار کر لیا

جمعرات 20 فروری 2014 21:44

کراچی میں بد امنی کا تسلسل جاری،فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں اے این ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 فروری ۔2014ء) شہر قائد میں بد امنی کا تسلسل جاری جمعرات کو بھی فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں اے این پی کے رہنما سمیت 10افراد جاں بحق ہوگئے۔ رینجرز اور پولیس کے ٹارگٹڈ آپریشنز میں کالعدم تنظیم کے اہم کارندے سمیت 30 افراد کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق پیر آباد کی حدود اورنگی ٹاؤن ایم پی آر قصبہ کالونی میں مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اے این پی کے علاقائی رہنما ڈاکٹر اسرار سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے، جن کی شناخت 45 سالہ اجمیر ولد حضرت عمر، 40 سالہ ڈاکٹر اسرار، 40 سالہ اقبال حسین ولد طور بابا، 35 سالہ جمشید ولد محمد شیر اور 10 سالہ سجاد ولد حضرت عمر جاں بحق ہوگئے۔

تمام افراد کی لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے سپرد کردی گئیں۔

(جاری ہے)

سعید آباد کے علاقے بلدیہ قائم خانی کالونی میں خالد بن ولید مسجد سے نماز فجر پڑھ کر نکلنے والے 40 سالہ ملک لیاقت اعوان کو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گولیاں مار کر قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ مقتول اسی علاقے کا رہائشی اور آبائی تعلق ہزارہ سے بتایا جاتا ہے۔

پاک کالونی کے علاقے ہارون آباد نزد واٹر بورڈ آفس کے سیکورٹی گارڈ 40 سالہ وزیر خان کو مسلح افراد نے گولیاں مار کر قتل کردیا۔ جوہر آباد کے علاقے فیڈرل بی ایریا کے علاقے دستگیر بلاک 15 جاوید نہاری کے قریب جنریٹر کی دکان پر مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 45 سالہ نبیل زخمی ہوگیا جو دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں چل بسا۔

اسٹیل ٹاوٴن کے علاقے نیشنل ہائی وے لنک روڈ سے 2نوجوانوں کی بوڑی بند لاشیں ملیں ،پولیس کے مطابق دونوں مغویوں کو اغواء کے بعد تشدد کر کے سروں میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے پولیس نے بتایا کہ مغوی مقتولین کی شناخت نہیں ہو سکی ہے ۔واضح رہے کہ دو روز قبل بھی نادرن بائی پاس سے 4کالعدم تحریک طالبان کے دہشت گردوں کی لاشیں ملی تھیں ۔دوسری جانب گارڈن کے علاقے رنچھوڑ لائن میں کار نمبر AEC-247 پر مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

نیو ایم اے جناح روڈ پر مدرسے کے قریب نامعلوم افراد بال بم پھینک کر فرار ہوگئے۔ قریب ہی واقع مدرسے کے بچوں نے بال بم اٹھایا جو دھماکے سے پھٹ گیا جس کی وجہ سے دو بچوں سمیت 5 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق نیو ایم اے جناح روڈ پر بچے کریکر کو بال سمجھ کر کھیل رہے تھے کہ دھماکا ہوگیا۔واضح رہے کہ آج کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں کم از کم 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب رینجرز اور پولیس کے ٹارگٹڈ آپریشنز میں کالعدم تنظیم کے اہم کارندے سمیت 30 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔رینجرز اور پولیس نے کٹی پہاڑی اور اطراف کے علاقے میں مشترکہ ٹارگٹڈ آپریشن کیا جس میں بد نام زمانہ منشیات فروش کے اڈوں پر بھی چھاپے مارے گئے۔ کار روائی کے دوران کالعدم تنظیم کے اہم کارندے سمیت 6 ملزموں کو گرفتار کر کے ایک مغوی کو بازیاب کرا لیا گیا۔ رینجرز کی مختلف علاقوں میں کار روائیوں کے دوران کالعدم تنظیم اور گینگ وار کے کارندوں سمیت 24 ملزم پکڑے گئے۔ادھر ایسٹ اور ویسٹ زون پولیس نے مختلف کارروائیوں میں 64 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، مسروقہ سامان، موٹر سائیکلز اور منشیات برآمد کرلیا۔