قومی اسمبلی میں قومی سلامتی پالیسی کا اعلان آج ہوگا، وزیر اعظم اہم بیان دینگے

بدھ 26 فروری 2014 11:30

قومی اسمبلی میں قومی سلامتی پالیسی کا اعلان آج ہوگا، وزیر اعظم اہم ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26فروری 2014ء) قومی اسمبلی کے اجلاس میں قومی سلامتی پالیسی کا اعلان آج ہوگا ، وزیر اعظم ایوان میں قومی سلامتی پالیسی پر اہم بیان دیں گے۔ قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں وزیر اعظم نواز شریف قومی سلامتی پالیسی پر اہم بیان دیں گے۔گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس میں قومی داخلی سیکورٹی پالیسی کی منظوری دی گئی جس کا باقاعدہ اعلان وزیر داخلہ آج کچھ دیر بعد قومی اسمبلی کے اجلاس میں کریں گے۔

نئی قومی سلامتی پالیسی کے تحت وزیر اعظم کی سربراہی میں نیشنل انسداد دہشتگردی اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تینوں مسلح افواج کے سربراہ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور چار وفاقی وزرا ء اتھارٹی میں شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

نیکٹا کو فعال بنانے کیلئے 28 ارب روپے درکار ہوں گے ، 4 ارب وفاق ، 24 ارب روپے صوبوں سے لئے جائیں گے۔اتھارٹی اتحاد المدارس اور اسلامی نظریاتی کونسل سے ملکر کام کرے گی۔

قومی سلامتی پالیسی کے تحت قائم ہونے والے جوائنٹ انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ میں چھبیس حساس اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ریپڈ رسپانس فورس کا مشترکہ آپریشن روم بنایا جائے گا ، آپریشنل کنٹرول کیلئے الگ الگ کمانڈر ہوں گے۔نئی پالیسی تین عناصر پر مشتمل ہو گی جس میں سیکرٹ ، اسٹرٹیجک اور آپریشنل شامل ہیں۔پالیسی کے تحت انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کڑی نگرانی کیلئے جلد آلات دئیے جائیں گے۔پالیسی کے مطابق افغان مہاجرین کو سیکورٹی رسک قرار دیا گیا ہے جبکہ افغان سرحد پراینٹی گریٹڈ مینجمنٹ سسٹم لگانےکی سفارش کی گئی ہے۔