وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اجلاس،فیصل آباد اور ساہیوال کی آشیانہ ہاوٴسنگ سکیموں کے گھروں کی جلد قرعہ اندازی کا فیصلہ ، آشیانہ ہاوٴسنگ پراجیکٹ بے گھر افراد کو اپنی چھت فراہم کرنے اور وسائل غریب عوام پر نچھاورکرنے کا انقلابی منصوبہ ہے ‘ شہباز شریف ،آشیانہ ہاوٴسنگ پراجیکٹ کے ذریعے بے گھر غریب افراد کا اپنی چھت کا خواب پورا ہوا ہے ،ان سکیموں میں بہترین رہائشی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں،آشیانہ ہاوٴسنگ سکیموں کے امور بہتر اورتیز رفتاری سے چلانے کے لیے خصوصی کمیٹی کی تشکیل ،فلاحی منصوبوں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں،نئے تعمیر ہونیوالے گھروں کے ڈیزائن کو مزید خوبصورت بنایا جائے ،تعمیراتی کام کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا‘ وزیر اعلیٰ پنجاب

جمعرات 27 فروری 2014 19:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 فروری ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ آشیانہ ہاوٴسنگ پراجیکٹ بے گھر افراد کو اپنی چھت فراہم کرنے اور وسائل غریب عوام پر نچھاورکرنے کا انقلابی منصوبہ ہے ، آشیانہ ہاوٴسنگ سکیموں میں امرا کی کالونیوں کی طرح بہترین رہائشی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، آشیانہ ہاوٴسنگ پراجیکٹ کے ذریعے بے گھر کم وسیلہ طبقات کے اپنی چھت کے خواب کو پورا کیا گیا ہے اور یہ منصوبہ معیار اورشفافیت کی اعلی مثال ہے ، فیصل آباد اورساہیوال میں آشیانہ ہاوٴسنگ سکیموں کے گھروں کی جلد قرعہ اندازی کی جائے گی،لاہور کی طرح ان شہروں کی آشیانہ ہاوٴسنگ سکیموں کے لیے قرعہ اندازی کا عمل بھی نہایت شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز یہاں آشیانہ ہاوٴسنگ پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اراکین صوبائی اسمبلی شیخ علاوٴالدین،روٴف مغل،محمود قادر،چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،ڈی جی ایل ڈی اے اوردیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کے دوران آشیانہ ہاوٴسنگ پراجیکٹ پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وسائل قوم کی امانت ہیں اورپنجاب حکومت قومی وسا ئل کی ایک ایک پائی کے شفاف استعمال کو یقینی بنا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے گذشتہ 5سالوں کے دوران آشیانہ ہاوٴسنگ سکیم کے ذریعے ہزاروں بے گھر افراد کو گھر فراہم کیے۔آشیانہ ہاوٴسنگ سکیموں کے ذریعے متوسط اورکم آمدن والے طبقے کو بہترین رہائشی سہولتیں میسر آئی ہیں۔

لاہور میں آشیانہ قائد کے بعد آشیانہ اقبال کے منصوبے پر بھی تیز رفتاری سے کام جاری ہے جبکہ فیصل آباد اور ساہیوال میں آشیانہ ہاوٴسنگ سکیموں کے گھروں کی جلد قرعہ اندازی کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان فلاحی سکیموں سے فائدہ اٹھا سکیں۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد اور ساہیوال کے علاوہ بہاولپور ،قصور اور چنیوٹ میں بھی آشیانہ ہاوٴسنگ سکیموں پرتیزرفتاری سے کام جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آشیانہ قائد کی طرح فیصل آباداور ساہیوال میں آشیانہ ہاوٴسنگ سکیموں کے گھروں کی الاٹمنٹ کا عمل بھی شفاف طریقے سے کمپیوٹزاڈ قرعہ اندازی کے ذ ریعے مکمل کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ آشیانہ ہاوٴسنگ سکیموں میں گھروں کی تعمیر کے دوران معیاری میٹریل کے استعمال کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور ان سکیموں میں گھروں کی تعمیر کو جلد مکمل کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے۔اس لیے فلاحی منصوبوں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں۔انہوں نے کہا کہ نئے تعمیر ہونے والے گھروں کے ڈیزائن کو مزید خوبصورت بنایا جائے ۔وزیراعلی نے آشیانہ ہاوٴسنگ سکیموں کے امور بہتر اورتیز رفتاری سے چلانے کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میں خود جلد آشیانہ اقبال اور آشیانہ قائد کا دورہ کروں گا اور موقع پر جاکر تعمیراتی کام پر پیش رفت کے کام کا جائزہ لوں گا۔