اسرائیل سے مذاکرات ،فلسطینی صدر17مارچ کو اوباما سے ملاقات کریں گے،فریم ورک کے بعد بھی مذاکرات جاری رہیں گے فریقین کور ایشوز پر بات کر رہے ہیں،وائٹ ہاؤس

جمعہ 28 فروری 2014 19:48

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 فروری ۔2014ء) امریکی صدر اوباما مشرق وسطی میں امن کے لیے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان پچھلے سال جولائی سے شروع ہونے والے امن مذاکرات کا جائزہ لیں گے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس نے بتایاکہ اس سلسلے میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو پیر کے روز تین مارچ کو اور فلسطینی صدر محمود عباس 17 مارچ کو صدر اوباما سے ملاقات کریں گے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق اوباما انتظامیہ توقع رکھتی ہے کہ 29 اپریل تک اس سلسلے میں ایک معاہدہ ممکن بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔ وائٹ ہاوس کے ترجمان جے کارنے نے صحافیوں کو بتایا فریم ورک کے بعد بھی مذاکرات جاری رہیں گے فریقین کور ایشوز پر بات کر رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق ہمیں یقین ہے کہ فریم ورک پر اتفاق ایک بڑی پیش رفت ثابت ہوگی۔

(جاری ہے)

ادھرامریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا تھا کہ بہت امید ہے کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان فریم ورک پر مقررہ مدت میں اتفاق رائے ہو جائے گاتاہم ایک حتمی معاہدے تک پہنچنے کیلیے مزید نو ماہ کا وقت چاہیے ہوگا۔

واضح رہے رواں ماہ کے دوران امریکی وزیر خارجہ اور فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کے درمیان پیرس میں بھی ایک ملاقات ہو چکی ہے۔ جس میں امن مذاکرات اور اس سلسلے میں مشکلات پر تبدالہ خیال ہوا تھا۔ اس سے پہلے جان کیری کم از کم دس مرتبہ مشرق وسطی کا دورہ کر چکے ہیں۔