بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کی منظم نسل کشی بند کروائیں ،چوہدری عبدالمجید

ہفتہ 1 مارچ 2014 16:54

میرپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 1مارچ 2014ء) وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے بین الاقوامی برداری سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کی منظم نسل کشی بند کروائیں اور کشمیر عوام کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ استصواب رائے کا حق دلوائیں ۔مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں ٹارگیٹ کلنگ مہذب دنیا کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کپواڑا میں بھارتی افواج کے کریک ڈاؤن کے نتیجہ میں سات سے زائد نوجوانوں کی شہادتوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی حکمرانوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے قابض اور غاصب حکمرانوں کے جابرانہ ہتھکنڈے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی تحریک کو سرد نہیں کر سکتے ۔

(جاری ہے)

تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کی حکومت شہداء کے لہو کو رائیگاں نہیں جانے دے گی ۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم آزادکشمیر نے یہاں کشمیر ہاؤس میں مختلف وفود سے بات چیت کررہے تھے ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ حق خودارادیت کشمیر کا بین الاقوامی تسلیم شدہ حق ہے بھارت کی 8 لاکھ سے زائد پیرا ملٹری فورسز کشمیریوں کے حق خودارادیت کو طاقت کے بل بوتے پر دبانے میں کامیاب نہیں ہو سکی اور نہ ہی تحریک آزادی کی پرامن جدوجہد کو روکنا بھارت کے بس میں ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام نے مقبوضہ کشمیر میں بھار ت کے جابرانہ قبضہ کو مسترد کر رکھا ہے اور بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے حق خودارادیت کی اس جدوجہد میں 7 لاکھ سے زائد کشمیریوں کالہو شامل ہے شہداء کا یہ لہو رنگ لائے گا اور مقبوضہ کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیری لازم و ملزوم ہیں دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو جدا نہیں کر سکتی ۔

پاکستان اہل کشمیر کی منزل ہے انھوں نے حکومت پاکستان کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر جرات مندانہ موقف اختیار کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے بنیادی اور مسلمہ حق خودارادیت کے حصول اوربین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیرکے حل کے لئے سیاسی و سفارتی سطح پر بھر پوحمایت کی ہے جس پر اہل کشمیر حکومت پاکستان اور اہل پاکستان کے شکرگزار ہیں۔

متعلقہ عنوان :