کراچی، حکومت زراعت، لائیو اسٹاک، ڈیری فشریز اور دیگر شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کررہی ہے، وزیر لائیو اسٹاک جام خان شورو

ہفتہ 1 مارچ 2014 20:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1مارچ۔2014ء) حکومت سندھ زراعت، ماہی گیری، پولٹری، لائیو اسٹاک اور دیگر شعبوں کو ترقی دینے کیلئے مسلسل کوشاں ہے، لاکھوں لوگوں اور سیکڑوں صنعتوں بشمول چھوٹی، بڑی صنعتوں اور گھریلو صنعتوں کا دارومدار ان شعبوں پر ہے، ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر لائیو اسٹاک اور فشریز جام خان شورو نے لائیواسٹاک، ڈیری، فشریز پولٹری اینڈ ایگری کلچر نمائش(LDFA) 2014ء کا ایکسپو سینٹر میں افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ سندھ میں ان شعبوں میں وسیع مواقع موجود ہیں اور یہ شعبے نہ صرف مقامی طلب و ضروریات پوری کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں بلکہ دیگر ملکوں کو بھی زرعی مصنوعات برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈی ایف اے 2014ء نمائش نئی مارکیٹوں کی تلاش اور ان شعبوں کی ترقی کیلئے دور رس اثرات کی حامل ہے۔

(جاری ہے)

بڑی تعداد میں غیرملکی مندوبین، شرکاء اور کمپنیوں کی نمائش میں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ نمائش نہ صرف مصنوعات کو اجاگر کرنے کیلئے بہترین پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے بلکہ دیگر ملکوں کی ضروریات کا بھی احاطہ کرتی ہے۔

حکومت زراعت، ماہی گیری، پولٹری، لائیو اسٹاک اور دیگر شعبوں کی ترقی کیلئے تیکنیکل تعاون، مالیاتی تعاون اور رہنمائی فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔ اس موقع پر چیئرمین سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ(SBI) علی ارشد حکیم نے کہا کہ سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ نے بڑی، درمیانی اور چھوٹی صنعتوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے ایک ونڈو ” سندھ انٹرپرائز ڈیویلپمنٹ فنڈ (SEDF)“ قائم کی ہے جس میں کاروباری تربیت بھی فراہم کی جارہی ہے تاکہ زرعی معیشت کو مزید فروغ دیا جاسکے۔

حکومت نے سندھ انٹرپرائز ڈیویلپمنٹ فنڈ قانونی اور ادارہ جاتی مکینزم کی فراہمی کیلئے قائم کیا ہے تاکہ ان شعبوں میں ترقی کے اہداف کو حاصل کیا جاسکے۔ اس فنڈ کے مقاصد میں زراعت، ماہی گیری، پولٹری، لائیو اسٹاک اور دیگر شعبوں میں موجود ویلیو ایڈیشن کے مواقع سامنے لانا ہے تاکہ معاشی ترقی اور فوائد حاصل کرنے کے ساتھ ثانوی خدمات اور پیداواریت کو بڑھایا جاسکے۔

اس کے علاوہ فارم کی سطح پر معاونت کرکے کارکردگی اور منافع بخشی کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فنڈ سے زرعی سیکٹر سمیت دیگر شعبوں کو تیکنیکل معاونت فراہم کی گئی ہے جس میں فزیبلیٹی کی تیاری، بینکوں سے قرضوں کے حصول میں مدد، شرح سود کے حوالے سے تعاون بشمول کیپیٹل لاگت پر 100 فیصد اور ورکنگ کیپیٹل پر 50 فیصد شامل ہے۔ایس ای ڈی ایف سے پلانٹس، مشینری، رائس پراسسنگ ملوں کے ورکنگ کیپیٹل کیلئے مالی سبسڈی فراہم کی گئی ہے۔

اسی طرح دیہی علاقہ جات میں ان ملوں کو رنگ الگ کرنے والی مشینوں کی فراہمی اور دیگر ویلیو ایڈیشن امور کیلئے مواقع مہیا کئے گئے ہیں ، ویلیو ایڈیشن سے انہیں بین الاقوامی مارکیٹوں تک رسائی حاصل ہوگی۔ اسی طرح دیگر منصوبوں میں بھی تعاون کیا گیا ہے جس میں فش فیڈ مل، انوائرمنٹ کنٹرولڈ پولٹری شیڈز، کاٹن سیڈز ڈی لنٹنگ، جننگ ملز اور کولڈ اسٹوریج کے منصوبے شامل ہیں۔

نمائش کے پہلے روز ویلیو ایڈیشن کے حوالے سے خصوصی سیمینار کا انعقاد کیاگیا۔ اس موقع پر سیمینار میں ماہرین نے اس شعبہ میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں اظہار خیال کیا اور نمائش میں حصہ لینے والے سرمایہ کاروں کو اپنے تجربات سے بھی آگاہ کیا، ان صنعتوں میں فیڈ مینوفیکچرنگ، ویٹ سروسز اینڈ مینوفیکچررز، ویکسی نیشن، مذبح خانے، لیبارٹریز، کولڈ چین اینڈ پیکجنگ، ایمبریو ٹرانسفر ٹیکنالوجی، سرٹیفکیشن جاری کرنے والے ادارے، فارم کنسٹرکشن کمپنیاں اور آلات بنانے والی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔ گھوڑوں اور مویشیوں کا مقابلہ نمائش کے دوسرے دن ہوگا جس کے بعد انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :