پاکستان کرکٹ ٹیم نے بھارت کو ہرا کر پروفیشنلزم کی شاندار مثال قائم کی ہے‘بازل علی نقوی

پیر 3 مارچ 2014 14:09

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3مارچ 2014ء ) وزیرزراعت ،لائیو سٹاک و ایسما سید بازل علی نقوی نے بھارت کے خلاف دو شاندار چھکوں سے پاکستان کو میچ جتوانے پر شاہد آفریدی کے لیے لچھراٹ( مظفرا ٓباد) میں ایک کنال کے پلاٹ کا اعلان کیا ہے ۔انہوں نے یہ اعلان پاکستان کرکٹ ٹیم کے نام مبارک باد کے پیغام میں کیا ۔سید بازل علی نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے بھارت کو ہرا کر پروفیشنلزم کی شاندار مثال قائم کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس میچ نے کئی مواقع پر ٹرن لئے مگر اس کا کلائمیکس شاہدآفریدی کے شاندار چھکے تھے جب کہ پاکستان کی ٹیم سخت دباو کا شکار تھی اور اس کے نو کھلاڑی بھی آوٹ ہو چکے تھے ایسے وقت میں شاہد آفریدی کی شاندار بیٹنگ نے نہ صرف پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا بلکہ پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا انہوں نے کہا کشمیری قوم کی جانب سے خوشیوں کے اس لمحے میں شاہد آفریدی کو مظفر آباد(لچھراٹ ) میں ایک کنال کا پلاٹ دیا جائیگا ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء سید بازل علی نقوی سے انسانی حقوق کے تنظیم کے ایک وفد نے ملاقات کی جس سے بات چیت کے دوران وزیر حکومت نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے جاری کردہ رپورٹ میں انتہائی چشم کشا انکشافات کئے گئے ہیں جس سے عالمی اداروں کی آنکھیں کھل جانی چاہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس رپورٹ سے ایک مرتبہ پھر واضح ہو گیا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے اور اس نے کشمیر ی عوام کے سیاسی حقوق پامال کر رکھے ہیں ۔

وزیر حکومت نے کہا کہ اس موقع پر میں عالمی برادری خصوصا امریکی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ جنوبی ایشیاء کے اس اہم مسئلے پر اپنی حکومت کو قائل کریں کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکنے کے لئے قائل کرے اور اس پر دباو ڈالے کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا جائز حق خود ارادیت دے ۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھی چاہیے کہ وہ اس حوالے سے اپنا اہم کردار ادا کریں اور اس نازک مسئلہ کو حل کرنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت تمام تر حربوں کے باوجود کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کر سکتا اور وہ وقت دور نہیں جب کشمیری بھارت سے آزادی حاصل کر کے رہین گے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری منزل الحاق پاکستا ن ہے اور یہی وہ راستہ ہے جس کے لیے کشمیری عوام نے طویل جدوجہد کی ہے اور لازوال قربانیاں دی ہیں ۔وفد نے وزیر حکومت کو رپورٹ اور اپنی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔

متعلقہ عنوان :