دستی اپنی بات سے پلٹ گئے، اسپیکر کی طلبی کے باوجود پیش نہ ہوئے، اب ثبوت عدالت کو پیش کروں گا، جمشید دستی

پیر 3 مارچ 2014 16:09

دستی اپنی بات سے پلٹ گئے، اسپیکر کی طلبی کے باوجود پیش نہ ہوئے، اب ثبوت ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3مارچ 2014ء) رکن قومی اسمبلی جمشید دستی اسپیکر کی طلبی کے باوجود آج پیش نہ ہوئے اور پارلیمنٹ لاجز میں شراب و شباب کی محفلوں کے ثبوت عدالت کے سامنے پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پارلیمنٹ لاجز میں شراب او شباب کی محفلوں کے الزامات لگانے والے جمشید دستی نے اپنی سچائی میں لاجز کا چپہ چپہ چھان مارا تھا۔

(جاری ہے)

ثبوت میں ایک نہیں کئی برانڈز کی بوتلیں بھی ڈھونڈ نکالیں تھیں اور اسی پر بس نہیں کیا تھا بلکہ مزید ثبوت آج اسپیکر قومی اسمبلی کو دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن پھر نجانے کیا ہوا اسپیکر قومی اسمبلی انہیں جانبدار نظر آنے لگے اور ثبوت کے معاملے پر عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیر داخلہ، جمشید دستی کے الزامات پہلے ہی جھٹلا چکے ہیں، جب کہ اسپیکر اسمبلی ایاز صادق بھی خبردار کرچکے ہیں کہ دستی نے ثبوت نہ دئے تو پارلیمنٹ ان کا فیصلہ کرے گی۔ سیاسی پنڈٹ کہتے ہیں جیمز بانڈ بن کر ثبوت کی تلاش کے بعد جمشید دستی کا اسپیکر کے پاس نہ جانا ان کے کیس کو کمزور کررہا ہے اور شکوک کو بھی جنم دے رہا ہے۔