اسلام آباد کچہری میں دہشتگردی کا واقعہ پاکستان کی سالمیت کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے‘محمد امین بیگ

منگل 4 مارچ 2014 17:12

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4مارچ 2014ء) اسلام آباد کچہری میں دہشتگردی کا واقعہ پاکستان کی سالمیت کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے پاکستان کی حکومت پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ملک کے اندر جاری اس دہشتگردی کے خاتمے کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ڈسٹرکٹ بار میرپور دہشتگردی کے اس واقعہ کی پرزور مذمت کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار محمد امین بیگ قائم مقام صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور نے ڈسٹرکٹ بار میرپور کے منعقدہ اجلاس میں کیا اسلام آباد واقعہ کے بعد ڈسٹرکٹ بار میرپور کے وکلاء میں شدید غم وغصہ پایا جا رہا ہے۔

وکلاء نے دہشتگردی کے واقعہ کے دن سے ہی عدالتی امور کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔منگل کو ڈسٹرکٹ بار میرپور کی کال پر تمام وکلاء نے مکمل طور پر عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا اور ڈسٹرکٹ بار میرپور کے چاچا علی محمد ہال میں بھرپورمذمتی اجلاس منعقد کیاگیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کی صدارت ڈسٹرکٹ بار میرپور کے قائمقام صدر محمد امین بیگ ایڈووکیٹ نے کی اور سٹیج سیکرٹری کے فرائض محمد شبیر شریف ایڈووکیٹ نے سرانجام دیئے اجلاس میں نائب صدر اول ساجد محمود قریشی ایڈووکیٹ، نائب صدر د وم سردار حلیم خان ایڈووکیٹ، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری چوہدری عرفان صابر ایڈووکیٹ، جوائنٹ سیکرٹری سردار غلام مجتبیٰ ایڈووکیٹ، سیکرٹری لائبریری مس شمائلہ برکت ایڈووکیٹ کے علاوہ ڈسٹرکٹ بار میرپور کے سینئر اور نوجوان وکلاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا محمد حسین ایڈووکیٹ نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی۔ ارشد محمود ملک سابق صدر بار نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد واقعہ کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہیں میرپور شہرآزاد کشمیر کا ایک بڑا شہر ہے جس میں سکیورٹی اور امن وامان کی صورتحال بھی تسلی بخش نہ ہے ہم ڈسٹرکٹ بار میرپور کے پلیٹ فارم سے حکومت آزاد کشمیرسے مطالبہ کرتے ہیں کہ سکیورٹی کے معاملات کو بہتر سے بہتر کیا جائے تاکہ ا سلام آباد جیسے واقعہ سے بچا جا سکے نذر حسین نذر ایڈووکیٹ نے کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اسلام آباد میں حکومت نام کی کوئی چیز نہ ہے اور اتنے بڑے واقعہ کے رونما ہونے پر حکومت کو فوری طور پر احسن اقدامات کرنے چاہییں۔

صحبت علی سرفراز ایڈووکیٹ سابق جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار میرپور نے اسلام آباد واقعہ کی پرزور الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ پاکستان کے اندرونی وبیرونی معاملات میں حکومت پاکستان کی گرفت نہ ہونا ایک سوالیہ نشان ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ احاطہ کچہری میرپور میں کمانڈوز کو تعینات کیا جائے محمد امین بیگ ایڈووکیٹ قائمقام صدر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں اپنے لیڈروں کو اس وجہ سے یاد رکھتی ہیں کہ وہ ملک وقوم کو مختلف چیلنجز سے نکالتے ہیں اسلام آباد واقعہ کی ڈسٹرکٹ بار میرپور کے وکلاء پر زور مذمت کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں انہوں نے حکومت پاکستان وآزاد کشمیر سے مطالبہ کیا کہ اپنے شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کی ذمہ داری پوری کرے تاکہ دہشتگردی کے ایسے واقعات آئندہ کے لئے رونما نہ ہوں ڈسٹرکٹ بار میرپور، آزاد کشمیر بار کونسل اور پاکستان بار کونسل کی کال کی ہمیشہ حمایت کرے گی اور آئندہ کا جو بھی لائحہ عمل مرتب کیا جائیگا اس پر بھرپور عمل کیا جائے گا۔

آخر میں اسلام آباد واقعہ کے جملہ شہداء کے لئے دعائے مغفرت اور مذمتی قرار داد پاس کی گئی۔

متعلقہ عنوان :