ایشیا کپ ، شاہد آفریدی نے بنگلہ دیشیوں کو بھی رُلا دیا ،پاکستان نے 327رنز کا پہاڑ ہدف1بال قبل حاصل کر لیا ، آفریدی کی7چھکوں2چوکوں سے مزین 59رنز کی اننگز نے میچ کا پانسہ پاکستان کے حق میں پلٹ دیا ، احمد شہزاد کی شاندار سنچری، فواد عالم کے 74رنز کا فتح میں اہم کردار

منگل 4 مارچ 2014 21:18

ایشیا کپ ، شاہد آفریدی نے بنگلہ دیشیوں کو بھی رُلا دیا ،پاکستان نے 327رنز ..

میر پور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مارچ۔2014ء) ایشیاء کپ کے اہم میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو3وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا ، بھارت کے بعد شاہد آفریدی نے بنگلہ دیشیوں کو بھی رُلا دیا ، میچ کے اہم موقع پر آفریدی کے 25بالوں پر 59رنز نے میچ کا پانسہ پاکستان کے حق میں پلٹ دیا ، پاکستان کی جیت میں احمد شہزاد کے 103رنز ، فواد عالم کے74رنز اور محمد حفیظ کے52رنز کا بھی اہم کردار رہا ، پاکستان نے 327رنز کا ہدف اننگز ختم ہونے سے 1گیند قبل حاصل کر لیا ،بنگلا دیش کے شہر میر پور کے شیر بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان مشفیق الرحیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پہلے ہی اوور میں محمد حفیظ کی گیند پر احمد شہزاد نے امر القیس کا کیچ ڈراپ کر دیا جس کے بعد بنگلا دیشی بلے بازوں نے پاکستانی بالروں کی ایک نہ چلنے دی اور مقررہ 50 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف کھڑا کر دیا۔

(جاری ہے)

بنگلا دیش کی جانب سے انعام الحق نے 100، امر القیس نے 59، مومن الحق 51 جب کہ کپتان مشفیق الرحیم اور شکیب الحسن بالترتیب 51 اور 44 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے 2 جب کہ محمد طلحہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان نے 327 رنز کا ہدف آخری اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے تاریخ میں سب سے ہدف حاصل کرنے کا اپنا ریکارڈ بھی قائم کردیا، پاکستانی بلے بازوں نے بیٹنگ شروع کی تو اووپنرز نے اچھا آغاز فراہم کرتے ہوئے 97 رنز کی شراکت قائم کی تاہم پھر محمد حفیظ 55 گیندوں پر 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، ان کے آؤٹ ہونے کے یکے بعد دیگرے 2 وکٹیں گر گئیں اور پاکستانی ٹیم دباؤ میں آگئی، کپتان مصباح الحق صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ صہیب مقصود امپائر کے غلط فیصلے کا شکار ہوتے ہوئے 2 رنز پر پویلین لوٹ گئے تاہم احمد شہزاد اور فواد عالم کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 105 رنز کی شراکت داری کی لیکن 2010 کے مجموعی اسکور پر احمد شہزاد شاندار 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

احمد شہزاد کے آؤٹ ہونے کے بعد قومی ٹیم ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہوگئی تاہم شاہد آفریدی کے بیٹ نے بھارت کے بعد بنگلادیش کے خلاف بھی رنز اگلے اور انہوں نے 18 گیندوں میں برق رفتار نصف سنچری مکمل کرکے ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنایا، مڈل آرڈر فواد عالم نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 74 رنز کی انتہائی اہم اننگز کھیلی۔ بنگلادیش کی جانب سے مومن الحق نے 2وکٹیں حاصل کیں جبکہ شکیب الحسن، عبد الرزاق اور محمود اللہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔