پنجاب یوتھ فیسٹیول میں عالمی ریکارڈ بنانے کے نام پر خزانہ اور طلباء کا وقت برباد کیا جا رہا ہے‘ ترجمان مسلم لیگ (ق) پنجا ب،بچوں کو عالمی ریکارڈ والی کتاب نہیں نصابی کتاب چاہیے ، تعلیمی شعبہ کی بربادی پر جلد حقائق نامہ جاری کرینگے

منگل 4 مارچ 2014 22:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مارچ۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) پنجاب کے ترجمان نے پنجاب یوتھ فیسٹول کے بے معنی اور بے مقصد ریکارڈ ز پر قومی خزانے کے بے دریغ استعمال اور طالب علموں کے قیمتی تعلیمی اوقات کے ضیاع پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ طلباء و طالبات کو عالمی ریکارڈ ز کی کتاب کی نہیں نصابی کتاب اور استاد کی ضرورت ہے ، صوبائی وزیر تعلیم کی ساری توجہ کھیل تماشے پر مرکوز ہے اور دوسری جانب پنجاب کا سب سے بڑا محکمہ تعلیم تباہی کے دھانے پر کھڑا ہے۔

مسلم لیگ (ق) کے ترجمان نے کہا کہ عالمی ریکارڈز کے نام پر بچوں کو جمع کرنے سے پیشتر حکمرانوں کی طرف سے ہزاروں بچوں کی واش روم ، ٹرانسپورٹیشن ، اور کھانے پینے کی ضروریات کا خیال نہ رکھنا اور انہیں کئی کئی گھنٹوں تک بھوکا پیاسا کھڑا رکھنا بے حسی ہے ؟ عوام جاننا چاہتے ہیں کہ ایک ایک ریکارڈ پر کروڑوں خرچ کیے جارہے ہیں آخر ان ریکارڈز کا ملک اور قوم کو فائدہ کیا ہے ؟ انہوں نے کہا کہ بچوں کو ڈرا دھمکا کر میدانوں میں جمع ہونے پر مجبور کیا گیا جو غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدام ہے یہ سلسلہ بند ہونا چاہئیے اور اس کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ کھیلوں اور ریکارڈز قائم کرنے کے مقابلوں میں پنجاب بھر کی ضلعی ، تحصیل اور سٹی سپورٹس کلبوں کے کھلاڑیوں کو شریک کیا جانا چاہئیے مگرپنجاب حکومت کی طرف سے فنڈز فراہم نہ کرنے اور سپورٹس بورڈ کی نااہلی کے باعث پنجاب میں سپورٹس انفراسڑکچر تشکیل ہی نہیں پا سکا ۔ ترجمان نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ یوتھ فیسٹول مقابلوں کے انعقاد پر اٹھنے والے اخراجات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے اور صوبائی حکومت جواب دے کہ یہ خطیر رقم کس مد سے جاری کی گئی کیونکہ صوبائی بجٹ 2013-14 ء میں اس کا کوئی ذکر نہیں تھا ۔

ترجمان نے مزید کہا کہ صوبائی وزیر تعلیم کی ساری توجہ کھیل تماشا پر مرکوز ہے اور شعبہ تعلیم تباہ حال ہے ، 100 فیصد انرول منٹ ، 100 فیصد بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور ہر بچے کو بنیادی تعلیم تک رسائی دینے کا ملینئیم ہدف2015 ء تک پورا ہوتا نظر نہیں آتا ۔ ترجمان نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی کے دور حکومت 2002-2007 ء کے درمیانی 5 سالوں میں شرح خواندگی 47 فیصد سے بڑھ کر 62 فیصد ہوئی 5 سالوں میں 31.91 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا اور پرائمری سکولوں میں داخلہ کی شرح میں 55.55 فیصد اضافہ ہوا ، اور چودھری پرویز الہٰی کے پڑھا لکھا پنجاب پروگرام کو دنیا بھر میں سراہا گیا ۔

ترجمان نے سوال کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر تعلیم بتائیں کہ پنجاب میں گزشتہ 6 سالوں میں شرح خواندگی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں کتنا اضافہ ہوا ؟۔ ترجمان نے مزید کہا کہ بہت جلد شعبہ تعلیم کی تباہی اور اس کی وجوہات پر مبنی پاکستان مسلم لیگ پنجاب حقائق نامہ جاری کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :