پشاور،تبدیلی کے لئے قابل عمل روڈ میپ اور واضح وژن درکار تھا جو موجودہ صوبائی حکومت نے فراہم کر دیا،شوکت یوسفز ئی، محکمہ صحت کی کارکردگی کو بڑھانے اور بدعنوانی کے مکمل خاتمے کے لئے الیکٹرانک مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم متعارف کرانے کا اعلان

منگل 4 مارچ 2014 22:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مارچ۔2014ء) خیبر پختونخواکے وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے محکمہ صحت کی کارکردگی کو بڑھانے اور بدعنوانی کے مکمل خاتمے کے لئے الیکٹرانک مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ اس پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

یہ صوبہ سب کا ہے اس کے نظام کو بدلنے کے لئے ذاتی مفادات کو قربان کرنا ہوگا۔خیبر پختونخوامیں ڈونرز کو نہ صرف عزت دیں گے بلکہ ا نہیں متعلقہ سہولیات بھی فراہم کریں گے۔مشکلات کی صورت میں براہ راست رابطہ کریں مسائل حل کریں گے اور سرمایہ کے شفاف استعمال کو یقینی بنائیں گے۔دہشت گردی سمیت دیگر بیرونی سازشوں سے نبرد آزما ہو لیں گے مگر اندرونی سازشوں کو شکست دینے اور محکمانہ کمزوریوں کو دور کرنے کے لئے اجتماعی جدوجہد اور خلوص درکار ہے مشکلات بہت ہیں مگر ٹیم ورک کے ذریعے کامیابی ممکن ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پشاور میں خیبر پختونخوا اور وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات کیلئے ہیلتھ کئیر سسٹم میں الیکٹرانک مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم(ای ایم آئی ایس) پر منعقدہ تعارفی ورکشاپ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ورکشاپ کا انعقاد (GIZ)کے تعاون سے کیا گیا تھا۔ورکشاپ میں محکمہ صحت کے مختلف شعبوں میں مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے نفاذ،سسٹم کے سیٹ اپ،طریق کار،آٹو رپورٹ، جنریشن،سرگرمیوں ،پیش رفت اور الیکٹرانک مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے مقاصد اور مجوزہ نتائج پر شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

مذکورہ سسٹم کی نتیجہ خیزی کو یقینی بنانے کے لئے تجاویز و سفارشات اور تاثرات کا بھی تبادلہ کیا گیا۔ وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی نے اس تجویز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ کرپشن کے خاتمے اور محکمانہ کارکردگی میں اضافہ کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے دنیابہت آگے نکل چکی ہے مگر ہم ابھی تک کاغذوں سے باہر نہیں نکل سکے۔

بہت سے ا مور فائلوں میں دب کر رہ جاتے ہیں الیکٹرانک مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے نفاذ سے تمام معاملات شفاف اور آسان ہو جائیں گے انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ سرکاری اداروں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد اور بہترین مشینری موجود ہے مگر نتائج پرائیویٹ سیکٹر کے مقابلے میں زیرو ہیں کیونکہ سزا و جزا کا تصور نہ ہونے کے برابر ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ اپنے رویوں میں تبدیلی لائے اور عوامی شکایات کے ازالے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے انہوں نے کہا کہ یہ واحد حکومت ہے جو بغیر سرمایہ لگائے صرف عوام کے اعتماد پر قائم ہے عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتے وزیر صحت نے کہا کہ بہت سے لوگ ہیں جو تبدیلی کے عمل میں روڑے اٹکا رہے ہیں تاہم وہ ہمت نہیں ہاریں گے اور محکمہ کو ضرور ترقی کی راہ پر گامز ن کریں گے۔

انہوں نے اس موقع پر ڈونرزکو خوش آمدیدکہتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ڈونرز حضرات کو خاطر خواہ مقام نہیں دیا گیا مگر موجودہ حکومت انہیں عزت دے گی اور ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔انہوں نے یقین دلایا کہ سرمایے کے متعلقہ پراجیکٹ پر شفاف استعمال کے لئے بھرپور نگرانی کی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ ا داروں اور حکام کو ہدایت کی کہ وہ تبدیلی کے عمل کو مضبوط بنانے کے لئے اپنا پیشہ ورانہ کردار اداکریں کیونکہ یہ صوبہ سب کا ہے اسے مثالی صوبہ بنانے کے لئے سب کو عملاً آگے آنا ہوگا اور اپنے چھوٹے چھوٹے ذاتی مفادات کو قربان کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :