کشمیریوں کی مرضی کے بغیر مسئلہ کا کوئی بھی حل دیرپا اور قابل قبول نہیں ہو گا‘وزیر ٹرانسپورٹ

بدھ 5 مارچ 2014 17:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5مارچ 2014ء)ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر ، جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی ووزیر ٹرانسپورٹ محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی مرضی کے بغیر مسئلہ کا کوئی بھی حل دیرپا اور قابل قبول نہیں ہو گا۔ مسئلہ کشمیر فلیش پوائنٹ بن چکا ہے۔ کسی بھی مذاکراتی عمل میں کشمیری عوام کو لازمی فریق کی حیثیت سے شامل کیاجائے۔

یہاں کشمیری مہاجرین کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ طاہر کھوکھر نے کہا کہ دنیا بھر میں آباد کشمیری تارکین وطن اپنی قومی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے بھارتی مظالم بے نقاب کرنے اور حق خودارادیت کے لیے عالمی رائے عامہ ہموار کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔ جلسے، جلوسوں ، سیمینارز کے ذریعے عالمی برادری کو یہ باور کروائیں کہ انہوں نے کشمیری عوام سے کیے گئے اپنے وعدے پورے نہیں کیے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد نہ ہونا عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ طاہر کھوکھر نے کہا کہ بھارت 8 لاکھ فوج اور کالے قوانین کے زور پر پرامن تحریک کو کچلنے میں ناکام ہو چکا ہے۔ کشمیری عوام کی بے مثال قربانیوں کی بدولت آج مسئلہ کشمیر فلیش پوائنٹ بن چکا ہے۔ امریکا اور یورپ کے ایوانوں میں بھی کشمیری عوام کی جدوجہد کی بازگشت سنی جا سکتی ہے۔

بہت جلد کشمیری عوام کی قربانیاں رنگ لانے والی ہیں اور بالآخر بھارت کو حق خودارادیت دینا پڑے گا۔ طاہر کھوکھر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آج پوری قوم متحد ہے۔ سیاسی قیادت بھی یکساں موٴقف رکھتی ہے جو خوش آئند ہے۔ اس موقع پر ضرورت اس امر کی ہے کہ دنیا بھر میں موجود پاکستانی قونصل خانے اور بسلسلہ روزگار مقیم کشمیری عوام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں اور مظالم کو بے نقاب کرنے کے لیے کردار ادا کریں تا کہ بھارت پر دباؤ میں اضافہ ہو۔

وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی جانب سے خاموشی اور بے حسی انتہائی قابل مذمت ہے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو اپنا دوہرا معیار ترک کرنا ہو گا۔ اگر ایسا نہ کیا گیا تو ان کی افادیت ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ نے ہمیشہ ہر فورم پر کشمیری عوام کی پرامن جدوجہد کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت کی۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے ہر فورم پر مظلوم کشمیریوں کی آواز بلند کی اور ایم کیو ایم حق خودارادیت کی جدوجہد میں کشمیری عوام کی اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔