گزشتہ کئی برس سے ہمیں بحیثیت قوم درپیش چیلنجوں سے عہدہ برآ ہونے کیلئے بلاشبہ مربوط کوششوں کی ضرورت ہے،گورنرخیبرپختونخوا،تعلیم کوجدید معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے ،اعلی تعلیم کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں،انجینئرشوکت اللہ کا تقریب سے خطاب

جمعرات 6 مارچ 2014 21:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6مارچ۔2014ء) خیبرپختونخوا کے گورنرانجینئرشوکت اللہ نے کہاہے کہ گذشتہ کئی برس سے ہمیں بحیثیت قوم درپیش چیلنجوں سے عہدہ برآ ہونے کیلئے بلاشبہ مربوط کوششوں کی ضرورت ہے اور یقیناً تعلیم خاص طور پر ایسے شعبوں میں مہارت جو روزگار کے مواقع کے حامل ہوں، سماجی ومعاشی ہم آہنگی کا وسیلہ ثابت ہوسکتی ہے۔جمعرات کے روزحیات آباد پشاور میں قائم یونیورسٹی سطح کے نیم خودمختار ادارے انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ سائنسز کے تیسرے سالانہ جلسہ تقسیم اسناد کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ اس حقیقت میں کوئی شک نہیں کہ تعلیم کوجدید معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے اور ہم بھی اعلی تعلیم کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے واضح کیاکہ حکومت کی جانب سے نوجوان نسل کو معیاری تعلیم کے حصول کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

سیشن 2006-08 سے لے کر سیشن 2012-13 تک کے عرصے کے دوران ایم بی اے (جنرل) ، ایم بی اے (بنکنگ اینڈ فنانس) ، ماسٹرآف پبلک ایڈمنسٹریشن ، ایم ایس سی فنانس ، ایم ایس منیجمنٹ سائنسز، ایم ایس سی ڈویلپمنٹ سائنسز ، ایم ایس سی کمیوٹرسائنس، ایم ایس انفارمیشن ٹیکنالوجی، ماسٹر ان پبلک ہیلتھ ، ایم ایس سی ایپلائیڈ اکنامکس اور ایم ایس کمپیوٹرسائنس میں فارغ التحصیل ہونے والے طلباء وطالبات میں سے 60 کو اپنے متعلقہ شعبوں میں نمایاں کامیابی پر طلائی تمغے دیے گئے۔

تقریب میں بڑی تعداد میں ماہرین تعلیم اور معززین شہر نے شرکت کی۔ ادارے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے گورنرنے کہاکہ یہ ادارہ بے پناہ چیلنجوں اور توقعات کے ساتھ معرض وجود میں آیا تھا اور الحمدللہ یہ توقعات پر پورا اتررہاہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ انہیں اس امرکا مکمل یقین ہے کہ اس ادارے کو مزید ترقی کے مواقع ملیں گے اور ایسا ممکن بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

گورنرنے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء وطالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے واضح کیاکہ انہیں اپنی آئندہ زندگی کے دوران مختلف شعبوں میں حصول علم اور خدمات سرانجام دینے کے وسیع مواقع دستیاب ہوں گے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ وہ علم، تحقیق اور حصول علم کے داعی بن جائیں اور اپنی صلاحیتوں کو وطن کیلئے بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم مکمل کرنے پر طلباء وطالبات کو ڈگریاں عطاء کرنا باعث اطمینان امر ہے اور اس امر کی بھی اشد ضرورت ہے کہ وہ آئندہ نسلوں کیلئے راہنمائی کاوسیلہ ثابت ہوں، اپنی ذمہ داریوں کی نزاکت کااحساس کریں،زندگی کے ہرمیدان میں نئی راہیں تلاش کریں اور مزید کامیابیوں کیلئے انتھک محنت کی جائے۔

انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر نے قبل ازیں آئی۔ایم سائنسز کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہاکہ ادارے کے دوسکالر حال ہی میں بیرون ملک سے پی ایچ ڈی سطح کی تعلیم مکمل کرکے واپس آئے ہیں اور مزید 8 سکالر بھی عالمی شہرت کے حامل اداروں سے جلد ہی اعلی تعلیم مکمل کرکے ادارے میں واپس آجائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ادارے میں منقسم بنیادوں پر پی ایچ ڈی سطح کی تعلیم کی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ تحقیق اور تحقیقی نتائج کوبروئے کار لانا ان کی توجہ کا مرکز ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اعلی تعلیم کے متلاشی ہرنوجوان کو میرٹ کی بنیاد پر کیمپس میں تعلیم وتحقیق کی سہولت کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے گذشتہ سال کے دوران مجموعی طور پر 14کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کے حامل 1144 وظائف فراہم کئے گئے اور ان میں امسال مزید 60 وظائف کااضافہ کیاگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ ادارے کو قومی سطح پر پانچواں بہترین ادارہ قرار دیا گیا ہے اور صوبائی سطح پر یہ اپنی نوعت کا واحد بہترین ادارہ ہے۔

متعلقہ عنوان :