فلسطینی اتھارٹی اور کچھ عرب ممالک کو اسرائیل کو یہودی ریاست تسلیم کرانے پر قائل کررہا ہوں، جان کیری

ہفتہ 8 مارچ 2014 15:32

عمان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8مارچ 2014ء) اردن میں اسرائیل تعلقات مخالف قومی کمیٹی نے امریکی وزیرخارجہ جان کیری کے بیانات کہ وہ فلسطینی اتھارٹی اور کچھ عرب ممالک کو اسرائیل کو یہودی ریاست کے طور پر تسلیم کرانے پر قائل کررہے ہیں اور توقع ہے ایسے ہو جائیگاپر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینی اور عرب اقوام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو یہودی ریاست تسلیم کرنے سے کھل کر انکار کر دیں۔

اردنی کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں اسرائیل کو یہودی ریاست کا تشخص دینے کے سنگین مضمرات پر بھی انتباہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسرائیل کو نظریاتی طور پر یہودی ملک قراردینا کوئی معمولی بات نہیں ، اگر اسرائیل کو یہودی ریاست مان لیا جاتا ہے تو اس کے نتیجے میں لاکھوں فلسطینی پناہ گزینوں کو ان کے وطن سے محروم کر دیا جائیگا۔

(جاری ہے)

مقبوضہ فلسطین میں موجود عرب باشندوں کا مستقبل داوٴ پر لگ جائیگا اور یہودیوں اور صہیونیوں کیلئے فلسطین میں اپنے پنجے مزید پھیلانے کی راہ ہموار ہو گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آج جو ملک اور حکومت فلسطینیوں کے حقوق میں افراط و تفریط کا مظاہرہ کریگی وہ فلسطینیوں کی آنیوالی نسلوں کے بنیادی حقوق کی پامالی کی ذمہ دار سمجھی جائیگی۔ کمیٹی نے کہا کہ فلسطینی عوام اور پوری عرب دنیا فلسطینیوں کے حق واپسی پر کوئی سودے بازی قبول نہیں کریگی اور نہ ہی اسرائیل کو یہودی ریاست کا تشخص دینے کی اجازت دی جائیگی۔

قومی کمیٹی برائے اسرائیلی بائیکاٹ کی جانب سے جاری بیان میں اردن اور تمام عرب اور مسلمان ممالک پر زور دیا گیاہے کہ وہ فلسطینیوں کے بنیادی حقوق بارے امریکہ یا کسی بھی دوسرے ملک کے فریب میں نہ آئیں۔امریکی دباوٴ صرف فلسطینیوں کو اپنے حقوق سے دستبردار کرنے کیلئے ہے۔ امریکی اسرائیلیوں کے جابرانہ قبضے کے خاتمے میں کوئی کردار ادا نہیں کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :