عراق ، کار سوار خودکش حملہ آور نے اپنی گاڑی سیکیورٹی چیک پوائنٹ سے ٹکرادی ، 37افراد ہلاک ، متعد د زخمی ، خودکش حملے میں عراق کے شہر حلہ کے پر ہجوم علاقے کو نشانہ بنایا گیا ، متعدد گاڑیاں تباہ ، عمارتوں کو نقصان پہنچا

اتوار 9 مارچ 2014 20:46

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9مارچ۔2014ء) جنوبی عراق میں کار سوار خودکش حملہ آور نے اپنی گاڑی سیکیورٹی چیک پوائنٹ سے ٹکرادی جس کے نتیجے میں 37افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے میڈیا رپورٹ کے مطابق خودکش حملے میں عراق کے شہر حلہ کے پر ہجوم علاقے کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے سے اردگرد کی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔ متعدد گاڑیاں تباہ ہو گئیں اور کاروں میں بیٹھے کئی افراد جھلس کر دم توڑ گئے۔

(جاری ہے)

عراقی سیکیورٹی حکام اور طبی ذرائع نے 37 افراد کی موت کی تصدیق کردی ہے۔ ھماکے کی شدت کے پیش نظر اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ایک پولیس عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایاکہ وہ چیک پوسٹ میں بنے اپنے کیبن میں بیٹھا تھا کہ اچانک ہونے والے زوردھار دھماکے کے باعث باہر جاگرا ۔ اہلکار کے مطابق دھماکے کے بعد اس نے وہاں 50 کے قریب ایسی گاڑیاں دیکھیں جنھیں آگ لگی تھی بلکہ متعدد گاڑیوں میں سوار افراد وہیں جھلس چکے تھے۔