مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں، سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے ، شبیر احمد شاہ

منگل 11 مارچ 2014 17:20

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11مارچ 2014ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما ؤں شبیر احمد شاہ اور نعیم احمد خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں یا پھر پاکستان ،بھارت اور کشمیریوں کی قیادت پر مشتمل سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے ۔ حریت رہنماؤں نے سرینگر میں ایک اجلاس میں دو طرفہ مذاکرات کو بے سود مشق قراردیا۔

اجلاس میں حریت رہنماؤں مشتاق الاسلام، فاروق احمد ڈار،محمد یوسف نقاش ،شبیر احمد ڈار اور محمد اقبال میر نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں عالمی تناظر میں چین سے امریکہ تک رونما ہونے والی تبدیلیوں خاص طورپر کشمیر بارے چین ، امریکہ اور لندن کے حالیہ بیانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ حریت رہنماؤں نے پاکستان کی طرف سے بھارت کو پسندیدہ ملک کا درجہ نہ دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا گیا اور مسئلہ کشمیر کے بارے میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا گیا ۔ اس موقع پر پاکستان کی طرف سے کشمیریوں کی مسلسل سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا شکریہ بھی ادا کیاگیا۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر اور بھارت کی جیلوں میں قید آزادی پسندوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہاربھی کیاگیا۔