صوبے کے تمام سرکاری محکموں میں کنسلٹنٹ مقرر ہو گئے ہیں،پرویزخٹک، کنسلٹنٹ نے کام شروع کردیا ہے ،تعمیراتی شعبوں سے کرپشن اور کمیشن مافیا کے خاتمے کا پیش خیمہ ثابت ہو ں گے، حکومت کا بنیادی مقصد کرپشن اور اقرباء پروری سے پاک خیبر پختونخوا ہے جس کی بدولت صوبے میں میرٹ ، قانون اور انصاف کی بالادستی یقینی بنے گی،اجتماع سے خطاب

منگل 11 مارچ 2014 20:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام سرکاری محکموں میں کنسلٹنٹ مقرر ہو گئے ہیں اور اُنہوں نے کام شروع کردیا ہے جو تعمیراتی شعبوں سے کرپشن اور کمیشن مافیا کے خاتمے کا پیش خیمہ ثابت ہو ں گے پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی حکومت کا بنیادی مقصد کرپشن اور اقرباء پروری سے پاک خیبر پختونخوا ہے جس کی بدولت صوبے میں میرٹ ، قانون اور انصاف کی بالادستی یقینی بنے گی اوراس کے ساتھ نہ صرف یہاں سے روٹھی خوشحالی خو د بخود واپس آئے گی بلکہ خطے میں معاشی سرگرمیوں اور روزگار کی فراوانی کا ایک نیا دور شروع ہو گا وہ سی ایم ہاؤس پشاور میں سرکاری محکموں اور تعمیراتی شعبوں کیلئے تعینات کنسلٹنٹس کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے جس میں وزیر اعلیٰ کے مشیر معاشیات رفاقت الله بابر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری خالدپرویز اور قومی تعمیر کے محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کنسلٹنٹ اگرچہ ہمارے محکموں میں نیا عنصر ہے جن سے شاید عوام بھی غیر مانوس ہوں تاہم ہماری حکومت کو اُن سے کافی توقعات وابستہ ہیں اور ہمارا تعمیراتی شعبہ اور ترقیاتی منصوبے بھی اسی وجہ سے رکے ہوئے تھے کیونکہ ہم نہیں چاہتے تھے کہ کمیشن کا دھندہ اسی طرح جاری رہے اور غریب عوام کے خون پسینے کی کمائی اور ٹیکسوں کا پیسہ چند افراد کی جیبوں میں جائے اور وہ حرام کے فنڈز کو عیاشیوں پر اُڑا کر ہمیں بھی گناہ گار بناتے رہیں اُنہوں نے کہا کہ کنسلٹنٹ ترقیاتی منصوبوں کے پی سی ون بنانے ،سائٹ وزٹ،ریٹ مقرر کرنے، ٹینڈرز کے اجراء، کام کی بروقت اور معیاری تکمیل کے علاوہ ٹھیکیداروں کے بلوں کی تیاری اور اُنہیں چیک حوالے کرنے کے بھی ذمہ دار ہوں گے جبکہ آئندہ ٹھیکیداروں کا متعلقہ محکموں اور اکاونٹ افسران کے دفاتر میں جانے کی کوئی ضرورت نہیں ہو گی بلکہ ان پر پابندی ہوگی اُنہوں نے کہا کہ کسی بھی منصوبے میں ناقص میٹریل کے استعمال یا تاخیر کی سزا کنسلٹنٹ کو ملے گی اور اُن سے منصوبے کے تمام واجبات کی صرف وصولی پراکتفا نہیں ہوگا بلکہ سنگین صورت میں ا نہیں بلیک لسٹ کرنے کے علاوہ اُن کے خلاف ارتکاب جرم کا کیس بھی درج کیا جائے گا جب حکومت مارکیٹ ریٹ کیمطابق تعمیرات کی ادائیگی کرے تو کسی کی مجال نہیں کہ وہ سرکاری تعمیرات کے معیار یا میعاد میں فرق لائے اور حکومت و عوام کے مفاد کو نقصان پہنچائے پرویز خٹک نے کہا کہ سرکاری محکمے بھی منصوبوں کے فنڈزکا بروقت اجراء یقینی بنائیں گے جبکہ کنسلٹنٹ فنڈز کی دستیابی پیش نظر رکھیں اور اُس وقت تک کام شروع نہ کریں جب تک منصوبے کیلئے فنڈز مہیا نہ ہوں اُنہوں نے اُمید ظاہرکی کہ کنسلٹنٹ ہماری حکومت کی توقعات پرپورا اُتریں گے تاکہ عوام کو گزشتہ ادوار اور موجودہ حکومت کے دوران ہونے والی سکیموں اور تعمیرات کا فرق نظر آئے کیونکہ اپنے 30 سالہ سیاسی کیئریر میں وہ یہی دیکھتے آئے ہیں کہ ترقیاتی سکیمیں چند راشی افسران اور ٹھیکیداروں کی جیب بھر نے کیلئے شروع اور مکمل کی جاتی تھیں اور عوام کے قیمتی سرمائے پر سفید ہاتھی پلتے رہے جبکہ یہ سکیمیں ناقص معیار کی وجہ سے ایک دو سال نہیں بلکہ مہینوں میں افادیت کھو دیتی تھیں ہماری سکیمیں آئندہ عشروں تک اعلیٰ معیارکا نمونہ ثابت ہو ں گی اور دوسرے ان کی تقلید کریں گے اُنہوں نے کہا کہ کنسلٹنٹ کے عنصر سے صوبے میں نجی شعبے میں ایک نئے کاروبار اور سرگرمی کا آغاز ہونے کے علاوہ نوجوان انجینئرز کو اپنی تخلیقی اور جمالیاتی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں کیونکہ نجی شعبے میں نوجوان زیادہ بہتر انداز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکتے ہیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے سرکاری مشینری کے علاوہ پورے معاشرے کو کرپشن سے پاک کرنے اور منفی سوچ کو بدل کر مثبت سانچے میں ڈھالنے کا عزم کیا ہے اور اس مقصد کیلئے اطلاعات تک رسائی ،خدمات تک رسائی اور احتساب کمیشن سمیت جامع قوانین متعارف کئے ہیں تاکہ اصلاحات کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رہے اور بعد کی حکومتوں میں کوئی اسے بدلنا چاہے تو نہ بدل سکے اور تمام حکومتی معاملا ت میں عوام کا مفاد مقدم رہے اُنہوں نے محکموں کو مزید ہدایت کی کہ اپنے نئے بھرتی شدہ انجینئرز کے علاوہ انجینئرنگ یونیورسٹی کے ٹرینی انجینئرز کو بھی کنسلٹنٹس کے ہمراہ خدمات کا موقع دیں تاکہ سیکھنے ، تجربے اورارتقاء کا عمل جاری رہے اور ہم تعمیر و ترقی کے شعبوں میں پیچھے نہیں بلکہ ترقیافتہ ممالک کی طرح آگے بڑھیں اُنہوں نے کہا کہ کنسلٹنٹ ثابت کریں کہ صوبائی حکومت نے صحیح سمت میں راست قدم اُٹھایا ہے اور اپنی کارکردگی کی بدولت ہمارے مخالفین کا پروپیگنڈہ زائل ہو کہ مبادا پی ٹی آئی کی حکومت تعمیرات سمیت ترقیاتی شعبے میں ناکام اور چور اور ڈاکو کامیاب ہو جائیں گے اور کرپشن کے ساتھ اندھیر نگری چوپٹ راج کا دور پھر شروع ہو گا اس موقع پر کنسلٹنٹس نے اظہار خیال کر تے ہوئے اُنہیں خدما ت کا موقع دینے پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ کرپشن اور کمیشن جیسے معاشرتی ناسور کے خاتمے اور تعمیرات کے تمام شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کا معیار یقینی بنانے کے ضمن میں اُن کی توقعات پرہر صورت میں پورا اُتریں گے ۔

متعلقہ عنوان :