Live Updates

عالمی ادارہ صحت کے وفد کی عمران خان سے ملاقات، ”صحت کا انصاف“ پروگرام کی کامیابی پرمبارکباد،چیئرمین تحریک انصاف کا پولیو کے خاتمے کے حوالے سے ویژن قابل اطمینان ہے،ڈائریکٹر جنرل مارگریٹ چین،خیبرپختونخواہ سے پولیو کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی،سربراہ تحریک انصاف

بدھ 12 مارچ 2014 22:45

عالمی ادارہ صحت کے وفد کی عمران خان سے ملاقات، ”صحت کا انصاف“ پروگرام ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2014ء) ڈائریکٹر جنرل مارگریٹ چین کی سربراہی میں عالمی ادارہ صحت کے وفد نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی اور خیبر پختونخواہ میں جاری ”صحت کا انصاف“ پروگرام کو انتہائی اچھوتا منصوبہ قرار دیتے ہوئے کامیابی سے لاکھوں بچوں کی قطرے پلانے پر مبارکباد پیش کی۔ اس کے ساتھ ملک میں بچوں کی صحت یقینی بنانے اور ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے حوالے سے چیئرمین عمرا ن خان کی کمٹمینٹ کو سراہتے ہوئے عالمی ادارہ صحت کے وفد نے شعبہ صحت میں خیبر پختونخواہ حکومت کی اصلاحات کو بھی سراہا۔

وفد کی سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پولیو وائرس کی موجودگی اگرچہ دنیا بھر کیلئے تشویش کا باعث ہے تاہم پاکستان کی سیاسی قیادت خصوصاً چیئرمین تحریک انصاف کا پولیو کے خاتمے کے حوالے سے ویژن قابل اطمینان ہے۔

(جاری ہے)

خیبر پختونخواہ میں تمام تر خطرات اور مشکلات کے باوجود کامیابی سے ”صحت کا انصاف “ پروگرام آگے بڑھانے اور پشاور اور گردونواح کے بچوں کو پولیو سمیت نو بیماریوں سے بچاؤ کیلئے ویکسین کی فراہمی قابل ستائش ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے عالمی ادارہ صحت کے وفد کا خیر مقدم کیا اور پولیو کے خاتمے کیلئے صوبائی حکومت کے ساتھ اشتراک کو سراہا۔ بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین نے ”صحت کا انصاف“ پروگرام کو صوبے کے دیگر حصوں تک توسیع دینے کا بھی عندیا دیا اور شمالی وزیرستان میں پولیو کے نئے کیسز سامنے آنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین عمران خان نے وفاقی حکومت سے انسداد پولیو مہم کی طالبان سے مذاکرات میں شمولیت کا مطالبہ بھی کیا۔

پولیو ٹیموں کو تحفظ فراہم کرنے پر پولیس اور صوبائی سکیورٹی اہلکاروں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے چیئرمین عمران خان نے شہید اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران چیئرمین تحریک انصاف نے امریکی CIAکی جانب سے پولیو ورکرز کے جاسوسی میں استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی CIAکے اس متنازعہ اقدام نے انسداد پولیو مہم کو بری طرح متاثر کیا ہے اور قبائلی علاقوں میں مزاحمت کو جنم دیا ہے جس کا نشانہ معصوم پولیو کارکنان اور پولیس اہلکار بن رہے ہیں۔ اپنی گفتگو میں چیئرمین تحریک انصاف نے خیبرپختونخواہ سے پولیو کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات