طالبان کے بعد بین الاقوامی عسکریت پسند تنظیم جنداللہ اور القاعدہ نے بھی جنگ بندی کا اعلان کر دیا

ہفتہ 15 مارچ 2014 13:37

طالبان کے بعد بین الاقوامی عسکریت پسند تنظیم جنداللہ اور القاعدہ نے ..

پشاور (رحمت اللہ شباب۔اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15مارچ 2014ء) طالبان رابطہ کار کمیٹی کی کوششیں رنگ لے آئیں طالبان کے بعد بین الاقوامی عسکریت پسند تنظیم جند اللہ پاکستان میں موجود القاعدہ کی ذیلی تنظیموں نے بھی پاکستان میں کارروائیاں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق گزشتہ دن افغان سرحدی صوبہ نورستان میں القاعدہ کی تمام ذیلی تنظیموں جند اللہ کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں جند اللہ کے سینئر کمانڈر احمد مروت اور پاکستان میں القاعدہ کے سربراہ استاد فاروق سینر کمانڈر یحییٰ عدام سمیت گروپ کمانڈروں نے شرکت کی تھی اور متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ اس خطے کی سب سے بڑی عسکریت تنظیم تحریک طالبان کا حکومت کے ساتھ مذاکرات کارروائیوں کے ساتھ نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے اس لئے ہمیں کارروائیاں بند کر دینا چاہئے۔

اور ان پر تمام گروپوں نے اتفاق رائے سے منظوری دیدی۔ دوسری طرف جند اللہ کے سینئر کمانڈر اور ترجمان احمد مروت نے نا معلوم مقام سے ٹیلی فون پر اردو پوائنٹ کو بتایا کہ ہم نے غیر معینہ مدت تک پاکستان میں کارروائیاں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور تمام گروپ کمانڈروں کو بھی اس فیصلہ سے آگاہ کر دیا ہے۔