مارشل لاء لگانے والا جرنیل آج ہسپتال میں پناہ لئے بیٹھا ہے،خواجہ آصف، مئی میں نندی پور پلانٹس پر بھی بجلی کی پیداوار کا آغا ز کردیا جائے گا،حکومت نے بجلی چوروں پر ہاتھ ڈال کر22ارب روپے کی ریکوری کی ہے،خواتین کو معاشی آزادی دیئے بغیر ملکی ترقی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ،سیالکوٹ میں خواتین یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے،معاشرے اور ملکی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کریں،وفاقی وزیرکاسیالکوٹ میں تقریب سے خطاب

ہفتہ 15 مارچ 2014 21:46

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر دفاع ،پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ خواتین کو معاشی آزادی دیئے بغیر ملکی ترقی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا اسی بات کو پیش نظر رکھتے ہوئے سیالکوٹ میں خواتین یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ ہماری بچیاں اعلیٰ زیور تعلیم سے آراستہ ہوکرمعاشرے اور ملکی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کرسکیں ۔

یہ بات انہوں نے گورنمنٹ حاجی پورہ ڈگری کالج برائے خواتین سیالکوٹ میں5کروڑ81لاکھ روپے کی لاگت سے نئے اکیڈیمک بلاک اور ملٹی پریز ہال کی تعمیر کے افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اراکین صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ اور چودھری محمد اکرام، ڈی سی او سیالکوٹ افتخار علی ساہو ، ڈی پی او سیالکوٹ محمد نفیس گوہر، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز سیالکوٹ ملک شمس، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کالجز سیالکوٹ ارشد بٹ اور پرنسپل بیگم شگفتہ گیلانی کے علاوہ بڑی تعداد میں طالبات نے تقریب میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

خواجہ محمد آصف نے کہاکہ یہ بات خوش آئند ہے کہ ہماری بچیاں تعلیم کے میدان میں کارہائے نمایاں انجام دے رہی ہیں بالخصوص سیالکوٹ نے لڑکیوں تعلیم کے میدان میں تیزی سے ترقی کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ میں بچیوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کیلئے نئے ڈگری کالجز تعمیر کئے جارہے ہیں ۔قبل ازیں خواجہ محمد آصف نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے50لاکھ روپے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ کو دینے کا اعلان کیا۔

خواجہ محمد آصف نے کہاکہ وکلاء نے جمہوریت اور عدلیہ کی بحالی کیلئے انتھک محنت کی ہے اور اس عظیم مقصد کیلئے انہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ۔ جس کی وجہ سے آج ناصر ف منتخب نمائندے اقتدار میں ہیں بلکہ ایک آمر جوتکبر اور غرور کی علامت تھا اور قوم کو مکے دکھاتا تھا آج عدالت سامنا کرنے سے کترا رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر میاں محمد نواز شریف جان ہتھیلی پر رکھ کر باہر نہ نکلتے اور وکلاء کے قافلے کی قیادت نہ کرتے تو عدلیہ بحال نہ ہوتی ۔

انہوں نے کہا کہ قانون حرکت میں آئے گا اور مشرف کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ 12اکتوبر کو منتخب حکومت کا تختہ الٹنے والا اور3نومبر کو دوبارہ مارشل لاء لگانے والا جرنیل آج ہسپتال میں پناہ لئے بیٹھا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت دہشت گردی کے خاتمے اور معیشت کی مضبوطی کیلئے دومختلف محاذوں پرجنگ لڑ رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اکنامک سیکیورٹی ہی ملک کا اصل دفاع ہے اور معیشت کی مضبوطی کے بغیر ملکی دفاع مضبوط نہیں بنایا جاسکتا۔

انہوں نے کہاکہ ڈالر کا99روپے پر آنا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ حکومت معیشت کی مضبوطی کیلئے نیک نیتی سے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت انڈسٹری میں لوڈشیڈنگ نہ ہونے کے برابر ہے اور چاروں صوبوں میں صنعت کا پہیہ گھوم رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 1700میگا واٹ بجلی جلد ہی سسٹم کا حصہ ہوگی جبکہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی خصوصی کاوش کی بدولت مئی میں نندی پور پلانٹس پر بھی بجلی کی پیداوار کا آغا ز کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے بجلی چوروں پر ہاتھ ڈالا ہے اور22ارب روپے کی ریکوری کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 1میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کیلئے 14کرو ڑ روپے خرچ ہوتے ہیں جبکہ ایک میگا واٹ بچانے میں کوئی خرچ نہیں آتا ۔ انہوں نے کہا کہ من الحث القوم کفایت شعاری کو اپنا ہوگا اور ملکی وسائل کو برابری کے سطح ہر استعمال کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ گرمیوں میں بجلی کا ایک چوتھائی ایئرکنڈیشنڈ کے استعمال پر صرف ہوتا ہے اور یہ سہولت صرف 15 فیصد سے بھی کم افراد کو میسر ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ائیر کنڈیشنڈ کے استعمال کی وجہ سے 85فیصد آبادی کو لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم ایسے معاشرے کی تشکیل کیلئے جدوجہد کررہے ہیں جس میں مذہب اور مسالک کی بنیاد ہر کسی شخص کا خون نہ بہایا جائے اور ملک میں آئین اور قانون کے حکمرانی ہو۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مذہب صلہ رحمی کا درس دیتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جب سے مذہب میں نمود و نمائش آگئی ہے اس میں سے روح نکل گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا دین سادہ ہے اور سادگی کا پیغام دیتا ہے ۔ تقریب سے صدر بار شاہد محمود میر ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری مجاہد رسول نے بھی خطاب کیااور 50لاکھ کی گرانٹس دینے پر وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کاشکریہ ادا کیا۔ وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے ساڑھے آٹھ کروڑ روپے کی لاگت سے حاجی پورہ روڈ کی دو طرفہ تعمیر کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ اور چودھری محمد اکرام اورڈی سی او سیالکوٹ افتخار علی ساہو بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

متعلقہ عنوان :