پیرس میں آلودگی کو کم کرنے کی ایک کوشش کے تحت موٹر گاڑیوں کے روزانہ استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ،روزانہ کے بجائے ایک دن چھوڑ کر گاڑی کے استعمال کی ہی اجازت ہوگی،موٹر سائیکلیں بھی پابندی کے زمرے میں آئیں گی

اتوار 16 مارچ 2014 18:36

پیرس میں آلودگی کو کم کرنے کی ایک کوشش کے تحت موٹر گاڑیوں کے روزانہ ..

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2014ء)فرانس کے دارالحکومت پیرس میں آلودگی کو کم کرنے کی ایک کوشش کے تحت موٹر گاڑیوں کے روزانہ استعمال پر پابندی عائد کرد ی گئی ،جسکے تحت روزانہ کے بجائے ایک دن چھوڑ کر گاڑی کے استعمال کی ہی اجازت ہوگی۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق سوموار سے گاڑی کے ڈرائیور ایک دن چھوڑ کر ہی اپنی گاڑی کا استعمال کر سکتے ہیں۔

1997 ء کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب اس قسم کی پابندی لگائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

حکومت فرانس کو ایسا فیصلہ اس وقت لینا پڑا جب پیرس اور اس کے نواحی علاقوں میں مسلسل پانچ دنوں تک آلودگی کی سطح محفوظ سطح سے تجاوز کرتی رہی اور خطرناک سطح میں داخل ہو چکی تھی،اس پابندی کے تحت موٹر سائیکلیں بھی آئیں گی۔ موٹر سائیکلوں کو ان کے طاق اور جفت نمبروں کے تحت سڑک پر آنے کے لیے دن ملیں گے۔

اس فیصلے پر عملدر آمد سوموار کو مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے پانچ بجے سے شروع ہو جائے گا۔دریں اثنا سرکاری ٹرانسپور ٹ کو تین دنوں کے لیے مفت کر دیا گیا تاکہ لوگ انھیں استعمال کریں اور وہ اپنی موٹر گاڑیوں کو گھر پر چھوڑ کر سرکاری بسوں اور ٹرینوں میں سفر کریں۔حکومت کی جانب سے مفت سواری کی سہولت سوموار تک فراہم کی جا رہی ہے۔